کربلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عملی شروعات کے لیے عمانی کمپنی سے اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ
کربلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی "طیبہ کربلا" اور عمان ایئرپورٹس کمپنی کے درمیان ایک اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد عراق کے جدید ترین ایئرپورٹ کی تیاری، انتظام اور ابتدائی آپریشنز کے لیے تکنیکی و انتظامی معاونت فراہم کرنا ہے
یہ ایئرپورٹ ہوائی نقل و حمل کے شعبے میں عراق کا ایک نمایاں ترقیاتی منصوبہ ہے
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں عمان اور عراق کے اعلیٰ سطحی نمائندے موجود تھے، جو دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کے فروغ اور شہری ہوا بازی کے شعبے کی ترقی میں سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا بھی اس معاہدے کا ایک اہم جزو ہے
معاہدے کے تحت عمان ایئرپورٹس کمپنی کی تکنیکی، انتظامی اور آپریشنل ٹیمیں 15 ماہ کے لیے کربلا میں تعینات کی جائیں گی۔ یہ ٹیم ایئرپورٹ کی تیاری، ابتدائی آپریشن، اور مقامی عملے کی عالمی معیار پر تربیت کی ذمہ دار ہو گی تاکہ ایئرپورٹ کی سرگرمیاں مؤثر اور رواں طریقے سے جاری رہیں
کربلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ عراق کے اہم ترین نئے منصوبوں میں سے ایک ہے، جو جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ معیار کی سہولیات اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعمیراتی ڈیزائن سے آراستہ ہے۔ یہ ایئرپورٹ کربلا اور نجف کے درمیان ایک اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے
منصوبے کے مطابق، ایئرپورٹ کی ابتدائی مرحلے میں سالانہ 20 لاکھ مسافروں کی گنجائش رکھی گئی ہے، جو دوسرے مرحلے میں 60 لاکھ اور آخری مرحلے میں 2 کروڑ تک بڑھا دی جائے گی
عمان ایئرپورٹس کمپنی کی اس اہم شراکت داری سے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ہوائی اڈوں کے شعبے میں وسیع تجربے کا اظہار ہوتا ہے، خاص طور پر جب کہ یہ کمپنی اس وقت سلطنت عمان میں چھ ایئرپورٹس کی کامیابی سے نگرانی و انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ یہ تجربہ کربلا ایئرپورٹ کے کامیاب آپریشن میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔