علامہ اقبال اوپن یورسٹی اسلام آباد میں شعبۂ فکر اسلامی تاریخ و ثقافت کے زیر اہتمام فیکلٹی سیمینار

2022-01-17 22:02

شعبۂ فکر اسلامی تاریخ و ثقافت کے زیر اہتمام فیکلٹی سیمینار میں آج غیر منقوط ترجمۂ قرآن، درس کلام اللّٰہ کے تعارف پر مترجم ڈاکٹر محمد طاہر مصطفٰی نے خطاب کیا ۔ ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ انھوں نے دو برس کی مسلسل محنت کے بعد یہ ترجمہ کیا ہے جس میں کوئی نقطے والا حرف استعمال نہیں کیا گیا۔ یہ اردو زبان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کام ہے۔

ڈاکٹر ثناء اللہ حسین، صدر شعبۂ قرآن و تفسیر، علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے سیرت و سوانح پر تو غیر منقوط کتابیں لکھی گئی ہیں مگر مکمّل ترجمہ قرآن کی یہ پہلی کاوش ہے۔ اس سے پہلے فیضی نے سواطع الالہام کے نام سے غیر منقوط تفسیر لکھی مگر وہ عربی میں ہے اور ناتمام بھی۔

ڈاکٹر محمد سجاد، صدر شعبۂ مطالعات بین المذاہب، علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی نے درس کلام اللّٰہ پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم سے مسلمانوں کے والہانہ تعلق کا اظہاریہ مختلف کاموں کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ کئی مترجمین نے قرآن مجید کا منظوم ترجمہ کیا ہے اور اب ڈاکٹر طاہر مصطفٰی نے غیر منقوط ترجمہ کر کے ایک شان دار کارنامہ سرانجام دیا ہے جو اردو زبان و ادب اور لسانیاتی اسالیب میں قابل قدر اضافہ ہے۔

جناب ڈاکٹر سید ازکیا ہاشمی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد طاہر مصطفٰی کا غیر منقوط ترجمہ قرآن مجید کے عجائبات میں سے ایک ہے۔ قرآن کریم کی یہ خدمت علمی دنیا میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

صدر مجلس جناب ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے اپنے صدارتی کلمات میں مترجم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاوش پوری دنیا میں کسی بھی کتاب کا یہ پہلا مکمل غیر منقوط ترجمہ ہے۔ اس سے تحقیق و جستجو کی نئی راہیں ہموار ہوں گے۔

العودة إلى الأعلى