پاکستان: برطانیہ سے مومنین کے وفد کا امام حسینؑ ثقافتی مرکز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد: برطانیہ (یو کے) سے مومنین کے ایک وفد نے مولانا سید غلام شبیر نجفی صاحب کی سربراہی میں امام حسینؑ ثقافتی مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا
اسلام آباد: برطانیہ (یو کے) سے مومنین کے ایک وفد نے مولانا سید غلام شبیر نجفی صاحب کی سربراہی میں امام حسینؑ ثقافتی مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد میں مولانا علمدار قمی، جناب سلمان عابد (نائب صدر حسینی مشن نیوپورٹ برطانیہ)، جناب ثقلین علی (جنرل سیکرٹری حسینی مشن برطانیہ) اور جناب سجاد عابد شامل تھے۔ اس موقع پرعلامہ شیخ محمد اسحاق نجفی (دام عزہ) اور شیخ احمد حسین فخرالدین (دام عزہ) بھی موجود تھے۔
مرکز کے ذمہ داران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں مرکز کی دینی، ثقافتی، تبلیغی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران مرکز کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں، معاشرے میں بین المسالک ہم آہنگی، اتحادِ امت اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مرکز کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ مختلف دینی و مذہبی اداروں، علمی شخصیات اور مذہبی حلقوں کے ساتھ روابط اور تعاون کے ذریعے باہمی احترام، مکالمے اور مشترکہ دینی و سماجی مقاصد کے حصول کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے، اختلافات کے باوجود باہمی احترام کو مستحکم کرنے اور معاشرے میں امن و اخوت کی فضا قائم رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
وفد کے اراکین نے مرکز کی دینی و ثقافتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی اشاعت کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر دینی اداروں کے درمیان روابط کے فروغ، باہمی تعاون اور مشترکہ دینی و ثقافتی مقاصد کے لیے کوششوں کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی۔
یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ میں مقیم مومنین کے درمیان دینی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہوا۔ آخر میں امام حسینؑ ثقافتی مرکز کی جانب سے وفد کی آمد پر اظہارِ تشکر کیا گیا ۔


