پاکستان: ایران، عراق اور شام کی زیارات کے مجاز گروپ آرگنائزرز کی تعداد 282 ہوگئی

2026-10-23 18:00

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مزید زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کیے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو زائرین کے سفر، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارتِ مذہبی امور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران مزید نئی زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، جس کے بعد پاکستان میں ایران، عراق، شام اور دیگر مقدس مقامات کی زیارات کے لیے مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز کی تعداد 282 ہوگئی

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق تقریب میں شعبۂ دعوت و زیارت کے سربراہ اور جوائنٹ سیکرٹری شہباز مصطفیٰ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ، سیکشن افسر اشعر محمود، رانا محمد مجاہد خان، سید مجاب رضوی، نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کے منتظمین اور نمائندوں نے شرکت کی

ان کمپنیوں نے سکیورٹی کلیئرنس، سکیورٹی ڈپازٹ اور دیگر لازمی دستاویزات سے متعلق تقاضے مکمل کیے تھے

اس سے قبل 261 کمپنیوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جاچکے تھے۔ نئی 21 کمپنیوں کی رجسٹریشن کے بعد مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز کی مجموعی تعداد 282 ہوگئی ہے

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نئی رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایران، عراق، شام اور دیگر مقدس مقامات کی زیارات پر جانے والے پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا یقینی بنایا جائے

انہوں نے کہا کہ زیارت گروپ آرگنائزرز تجربہ کار ہیں، اس لیے انہیں زائرین کی سہولت، حفاظت اور سفری انتظامات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ زائرین کے سفر، رہائش، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق وزارتِ مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) تیار کیا جارہا ہے۔ اس نظام کے تحت رجسٹرڈ کمپنیوں کی تفصیلات، معاہدوں اور شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار کو مربوط بنایا جائے گا

انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام کا مقصد زیارات کے انتظامات میں شفافیت اور نگرانی کو بہتر بنانا اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو یقینی بنانا ہے

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کے لیے اب تک 1,413 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 585 کمپنیوں کو سکیورٹی کلیئرنس دی جاچکی ہے

واضح رہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ 282 زیارت گروپ آرگنائزرز ایران، عراق، شام اور دیگر مقدس مقامات کی زیارات کے لیے پاکستانی زائرین کو سفری اور دیگر متعلقہ سہولیات فراہم کریں گے

منسلکات

العودة إلى الأعلى