پاکستان: قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول کا انعقاد

2026-10-17 06:20

اسلام آباد: قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام تیسرا سالانہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول اسلام آباد میں منعقد ہوا

اسلام آباد: قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام تیسرا سالانہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے علمی، تحقیقی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ تین روزہ فیسٹیول میں بین الاقوامی کانفرنس، کتاب میلے، خطاطی کی نمائش، تقریبِ رونمائیِ کتب، تقریری مقابلے، محفلِ نعت و مشاعرہ اور سیرت یوتھ کنونشن سمیت مختلف پروگرام شامل تھے۔فیسٹیول کا مقصد سیرت النبی ﷺ کی عالمگیر تعلیمات کو اجاگر کرنا، نوجوان نسل کو اسوۂ حسنہ سے روشناس کرانا اور عصرِ حاضر میں سیرتِ نبوی ﷺ کی عملی رہنمائی کو نمایاں کرنے کے ساتھ علمی و فکری مکالمے کو فروغ دینا تھا۔

فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر کتاب میلے اور خطاطی کی نمائش کا افتتاح بھی کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی شرکت میں تقریبِ رونمائیِ کتب منعقد ہوئی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے سیرتِ نبوی ﷺ سے متعلق علمی و ادبی سرمایہ اور اسلامی فنون کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

فیسٹیول کے دوسرے روز بین الاقوامی سیرت کانفرنس منعقد ہوئی، جس کے افتتاحی سیشن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال مہمانِ خصوصی تھے۔ کانفرنس کے دوران سیرت النبی ﷺ سے متعلق مختلف علمی و تحقیقی موضوعات پر نشستوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں سیرتِ مبارکہ کے پیغام اور موجودہ دور میں اس کی معنویت کو موضوعِ بحث بنایا گیا۔ اسی روز تقریری مقابلہ اور محفلِ نعت و مشاعرہ بھی منعقد ہوئی، جن کے ذریعے علمی، ادبی اور روحانی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔

فیسٹیول کے آخری روز مرکزی آڈیٹوریم میں سیرت یوتھ کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ کنونشن کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان تھے۔ اس سرگرمی کا مقصد نوجوانوں میں سیرت النبی ﷺ سے آگاہی بڑھانا اور ان کی فکری و اخلاقی تربیت میں اسوۂ نبوی ﷺ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے ساتھ تین روزہ پروگرام کی سرگرمیاں مکمل ہوگئیں۔

فیسٹیول کے مختلف پروگراموں میں سیرتِ نبوی ﷺ کے علمی، تحقیقی، ادبی اور ثقافتی پہلوؤں کو یکجا کیا گیا۔ بین الاقوامی کانفرنس نے سیرت سے متعلق علمی تبادلۂ خیال کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا، جبکہ کتاب میلے اور تقریبِ رونمائیِ کتب کے ذریعے مطالعے اور علمی ذخیرے کی ترویج کو اہمیت دی گئی۔ خطاطی کی نمائش نے اسلامی فنون کو نمایاں کیا، جبکہ تقریری مقابلے، محفلِ نعت و مشاعرہ اور سیرت یوتھ کنونشن کے ذریعے طلبہ اور نوجوانوں کو سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے پیغام سے وابستہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى