پاکستان:مدارس امامیہ بلتستان کے مدیران کی اہم تعلیمی تجاویز اور اعلانات

2026-10-09 09:13

سکردو: مدارس امامیہ پاکستان، بلتستان ریجن کے زیرِ اہتمام آل بلتستان مدیران مدارس امامیہ کانفرنس مکتب زہراء، سکردو میں منعقد ہوئی، جس میں بلتستان بھر کے مدارس کے مدیران، علماء اور ذمہ داران نے شرکت کی۔

سکردو: مدارس امامیہ پاکستان، بلتستان ریجن کے زیرِ اہتمام آل بلتستان مدیران مدارس امامیہ کانفرنس مکتب زہراء، سکردو میں منعقد ہوئی، جس میں بلتستان بھر کے مدارس کے مدیران، علماء اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں وفاق المدارس کی اسناد کی افادیت، امتحانی نظام میں یکسانیت، نصابی کتب کی اشاعت، طلبہ کی تعلیمی ضروریات، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور مدارس کے باہمی اتحاد و تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے ابتدائی کلمات میں وفاق المدارس کے کردار اور مدارس کے مشترکہ تعلیمی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ علامہ شیخ حسن سروری، علامہ لعل حسین توحیدی اور علامہ سید مرید حسین شاہ سمیت دیگر مقررین نے تعلیمی و امتحانی نظام میں اصلاحات اور وفاق المدارس کے ساتھ مؤثر رابطے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس میں امتحانات کو مربوط بنانے، مستند نصابی کتب مناسب قیمت پر فراہم کرنے، آن لائن درس و تدریس اور مدارس کی رکنیت کا نظام متعارف کرانے سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔ اسی طرح علماء اور طلبہ کے لیے نجف اشرف میں مختصر دورانیہ کے علمی کورسز اور باقاعدہ تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے مستقبل کے مدرسین کی تیاری، اسلامی بینکاری سمیت جدید شعبوں کے لیے دینی علوم کے ماہرین کی تربیت اور مدارس کے درمیان اتحاد و تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

کانفرنس کے اختتام پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، بلتستان ریجن کے مقامی دفتر کا افتتاح کیا گیا۔ اس دفتر کے قیام کا مقصد بلتستان کے مدارس اور وفاق کے مرکزی نظام کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانا اور تعلیمی، امتحانی و انتظامی امور میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نصاب و امتحانات میں بہتری، اساتذہ کی تربیت، جدید تعلیمی سہولیات اور باہمی تعاون کے ذریعے دینی مدارس کے تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى