لکھنؤ: کتابخانہ علم و دانش کے زیرِ اہتمام نہج البلاغہ سے متعلق دو اہم کتب کی رسمِ اجرا

2026-10-05 09:18

لکھنؤ، کتابخانہ علم و دانش، لکھنؤ کے زیرِ اہتمام اکبر ہال، مہتاب باغ میں نہج البلاغہ سے متعلق دو اہم کتب کی رسمِ اجرا کے سلسلے میں ایک علمی و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے ممتاز علماء، دانشوران، ادباء اور اہلِ قلم نے شرکت کی

تقریب کے دوران کتابخانہ علم و دانش کی جانب سے شائع کردہ دو اہم کتب نہج البلاغہ اور اردو شعراء اور حکمرانی کے آفاقی اصول (عہدنامۂ مالک اشتر) کی رسمِ اجرا عمل میں آئی بالخصوص حکمرانی کے آفاقی اصول کو قومی رہنما مہاتما گاندھی کے نام منسوب کیا گیا ہے

تقریب کا آغاز عالمی شہرت یافتہ قاریِ قرآن مولانا سید کرار علی جعفری، جموں و کشمیر، کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض معروف ادیب و شاعر پروفیسر عباس رضا نیر جلالپوری نے انجام دیے

کتابخانہ علم و دانش کے ڈائریکٹر مولانا سید حیدر عباس رضوی نے ادارے کی علمی، تحقیقی اور اشاعتی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے نہج البلاغہ کے افکار و معارف کو اردو زبان و ادب اور عصرِ حاضر کے اجتماعی مسائل سے مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نہج البلاغہ میں عدل، حریت، انسانی کرامت، رواداری اور صالح حکمرانی جیسے آفاقی اصول موجود ہیں، جن کی معنویت ہر دور میں برقرار رہتی ہے

آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے وکیل مولانا اشرف علی غروی نے کتابخانہ علم و دانش کی علمی و فکری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے نہج البلاغہ سے زیادہ سے زیادہ آشنائی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا

انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ کے معارف کو عام کرنے اور اسے مہجوریت سے نکالنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے

حوزۂ علمیہ غفران مآب کے مدیر مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نہج البلاغہ کی عظمت اور اس کے جامع معارف پر روشنی ڈالتے ہوئے گاندھی جینتی کے موقع پر اس علمی و ادبی پروگرام کے انعقاد کو قابلِ قدر قرار دیا

اس موقع پر مولانا صابر علی عمرانی نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا، جبکہ صدرِ جلسہ خطیبِ قادر مولانا سید محمد جابر جوراسی نے ادارۂ علم و دانش کی علمی و اشاعتی خدمات کو سراہتے ہوئے بزرگوں کے علمی آثار کے احیا کو ایک اہم قدم قرار دیا

انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یومِ ولادت کے موقع پر اس تقریب کے انعقاد کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کے بیان کردہ حکمرانی کے آفاقی اصول آج بھی معاشرے میں امیر و غریب کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں

تقریب کے موقع پر اکبر ہال میں کتابخانہ علم و دانش کی مطبوعات کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں علماء، فضلاء اور دیگر شرکائے محفل نے مختلف کتب میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا

آخر میں کتابخانہ علم و دانش کے ڈائریکٹر مولانا سید حیدر عباس رضوی نے تمام بزرگ شخصیات، علماء، دانشوران، اہلِ قلم اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا

قابلِ ذکر ہے کہ یہ تقریب غازی یوٹیوب چینل پر براہِ راست بھی نشر کی گئی

منسلکات

العودة إلى الأعلى