حرمِ امام حسینؑ میں سرداب کی توسیع کا بڑا منصوبہ مکمل
کربلا: حرمِ امام حسینؑ کے توسیعی منصوبوں کے شعبے نے سردابِ امام حسینؑ کی تعمیر و توسیع کا اہم منصوبہ مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے
یہ سرداب صحنِ عقیلہ زینبؑ کے نیچے 15 میٹر کی گہرائی میں واقع ہے اور حرمِ امام حسینؑ میں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جاری توسیعی منصوبوں کا حصہ ہے
حرمِ امام حسینؑ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق، سرداب کا مجموعی رقبہ 5,340 مربع میٹر ہے۔ اس منصوبے کو جدید فنی تقاضوں اور اسلامی معماری کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا ہے، جبکہ اس کے ڈیزائن میں مقام کی نوعیت اور صحنِ عقیلہ زینبؑ کے نیچے موجود جگہ کی خصوصیات کو خصوصی طور پر ملحوظ رکھا گیا ہے
سرداب کی فرش اور دیواروں پر اعلیٰ معیار کا سنگِ مرمر استعمال کیا گیا ہے، جبکہ ستونوں اور چھتوں کو خوبصورت آئینہ کاری سے مزین کیا گیا ہے۔ یہ طرزِ تعمیر حرمِ امام حسینؑ کی روحانی عظمت اور شاندار اسلامی معماری سے ہم آہنگ ہے
توسیعی منصوبوں کے شعبے کے مطابق، یہ منصوبہ محض تعمیراتی سرگرمی تک محدود نہیں بلکہ زائرین کے لیے آرام، خدمات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے
سرداب کی تکمیل حرمِ امام حسینؑ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توسیع کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے زائرین کے لیے مزید جگہ اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور حرمِ امام حسینؑ میں فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی


