پاکستان: جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر جناب سراج الحق صاحب کا کربلا عراق میں حرمِ مطہر امام حسینؑ کے تعلیمی اداروں کا دورہ
جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر، ممتاز مذہبی و سیاسی رہنما جناب سراج الحق صاحب نے اپنے دورۂ کربلا کے دوران حرمِ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام قائم ممتاز تعلیمی اداروں جامعۃ الزہراء اور السبطین اکیڈمی برائے آٹزم کا تفصیلی دورہ کیا
جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر، ممتاز مذہبی و سیاسی رہنما جناب سراج الحق صاحب نے اپنے دورۂ کربلا کے دوران حرمِ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام قائم ممتاز تعلیمی اداروں جامعۃ الزہراء اور السبطین اکیڈمی برائے آٹزم کا تفصیلی دورہ کیا۔ ادارے کے منتظمین نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں دونوں اداروں کے مختلف تعلیمی، تربیتی، انتظامی اور فلاحی شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر متعلقہ ذمہ داران نے اداروں کے قیام کے مقاصد، نصابِ تعلیم، تدریسی نظام، جدید سہولیات، طلبہ و طالبات کی علمی و اخلاقی تربیت، خصوصی تعلیمی پروگراموں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران جناب سراج الحق نے جامعۃ الزہراء میں دینی و عصری علوم کے امتزاج پر مبنی تعلیمی نظام کو سراہا اور طالبات کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو امتِ مسلمہ کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
بعد ازاں انہوں نے Al-Sibtayn Academy for Autism کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں آٹزم سے متاثرہ بچوں کی تعلیم، تربیت، بحالی اور نفسیاتی معاونت کے لیے فراہم کی جانے والی جدید سہولیات، خصوصی تدریسی طریقۂ کار اور ماہرین کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی خدمت کے لیے حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کی جانب سے انجام دی جانے والی ان انسانی اور فلاحی خدمات کو انتہائی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور انہیں باوقار زندگی فراہم کرنا ایک عظیم دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جناب سراج الحق نے حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کی جانب سے تعلیم، تحقیق، سماجی بہبود اور انسانی خدمت کے مختلف شعبوں میں انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف عراق بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک قابلِ تقلید نمونہ ہیں، جہاں جدید تعلیم، دینی اقدار اور انسانی خدمت کو یکجا کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام چلنے والے یہ تعلیمی اور فلاحی منصوبے مستقبل میں بھی نوجوان نسل کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت، نیز خصوصی افراد کی فلاح و بہبود میں مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس دورے کے دوران حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ کے نمائندگان، متعلقہ اداروں کے ذمہ داران اور شعبۂ اردو کے مسئول جناب شیخ اشرف ذیشان بھی ہمراہ تھے، جنہوں نے معزز مہمان کو اداروں کی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔


