جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں مجالسِ عزائے حسینیؑ کا انعقاد، ہزاروں عزاداروں کی شرکت

2026-06-23 06:08

محرم الحرام 1448ھ کے آغاز کے ساتھ ہی جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں حسبِ روایت مجالسِ عزائے حسینیؑ کا سلسلہ جاری ہے،

محرم الحرام 1448ھ کے آغاز کے ساتھ ہی جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں حسبِ روایت مجالسِ عزائے حسینیؑ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں معروف عالمِ دین,وکیلِ مرجعیت، علامہ شیخ انورعلی نجفی (دام عزہ) عشرۂ محرم کی مجالس سے خطاب فرما رہے ہیں۔ ان مجالس میں اسلام آباد اور گرد و نواح سے ہزاروں مؤمنین، علماء، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

شیخ انورعلی نجفی (دام عزہ) نے واقعۂ کربلا کے فکری، اخلاقی اور انسانی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے امام حسینؑ کی عظیم تحریک سے حاصل ہونے والے آفاقی اسباق پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ مجالس میں عدل، حق، آزادی، انسانی وقار اور امتِ مسلمہ کی اصلاح جیسے اہم موضوعات کو زیرِ بحث لایا جا رہا ہے، جبکہ اہلِ بیتؑ کی سیرتِ طیبہ کو فرد اور معاشرے کی تربیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جامعۃ الکوثر کی انتظامیہ نے مجالس کے کامیاب انعقاد کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں، جن میں سکیورٹی، طبی سہولیات، ٹریفک اور پارکنگ کی تنظیم، نشستوں کا انتظام، مہمانوں کی خدمت اور نذر و نیاز کی تقسیم شامل ہے۔

جامعۃ الکوثر میں منعقد ہونے والی یہ مجالسِ عزا دارالحکومت اسلام آباد کی اہم ترین مذہبی و ثقافتی سرگرمیوں میں شمار ہوتی ہیں، جو نہ صرف شعائرِ حسینیؑ کے احیاء کا ذریعہ ہیں بلکہ دینی شعور، اخلاقی اقدار، اسلامی وحدت اور باہمی اخوت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى