نجف اشرف: پندرہویں بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کا شاندار آغاز، 27 ممالک کی شرکت

2026-05-31 11:31

حرمِ امیرالمؤمنین علیؑ کے زیرِ اہتمام پندرہویں بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہو گیا

ہفتۂ غدیر، ہفتۂ امامت کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس عالمی پروگرام میں دنیا کے 27 ممالک سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی، جبکہ اسی مناسبت سے عراق اور بیرونِ عراق تقریباً 150 مقامات پر پرچمِ غدیر لہرایا جائے گا

روضۂ علویہ کے شعبۂ اطلاعات کے سربراہ حیدر رحیم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ہفتۂ عیدِ غدیر، روضۂ علویہ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مذہبی، ثقافتی اور فکری پروگراموں میں سب سے نمایاں اور اہم موقع ہے، جو عیدِ غدیر کی مناسبت سے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ دن امیرالمؤمنین حضرت امام علی بن ابی طالبؑ کی ولایت کے اعلان کی تاریخی یاد تازہ کرتا ہے

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد سیرتِ امیرالمؤمنینؑ سے وابستگی کو فروغ دینا، وفاداری، وحدت، اخوت اور عدل و انصاف جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کو اجاگر کرنا ہے، جس کے لیے مختلف دینی، ثقافتی، فنی، عوامی اور خدماتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے

حیدر رحیم کے مطابق پندرہویں بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کے دوران عراق اور دنیا کے مختلف ممالک میں تقریباً 150 مقامات پر پرچمِ غدیر بلند کیا جائے گا، جبکہ اس عالمی تقریب میں 27 ممالک کے نمائندے اور ممتاز شخصیات شرکت کریں گی

انہوں نے مزید بتایا کہ ہفتۂ غدیر کی تقریبات کے دوران 500 سے زائد اداکاروں، فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کی شرکت سے ایک عظیم الشان غدیری رزمیہ ڈرامہ پیش کیا جائے گا، جس کے لیے 5000 افراد کی گنجائش والا خصوصی اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ درجنوں قرآنی، ثقافتی، عوامی اور خدماتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے

انہوں نے واضح کیا کہ پرچمِ غدیر منصوبے میں اس سال غیر معمولی توسیع کی گئی ہے۔ گزشتہ برسوں میں جہاں تقریباً 90 مقامات پر پرچمِ غدیر لہرایا جاتا تھا، وہیں اس سال یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 150 مقامات تک پہنچ گئی ہے

اس منصوبے میں شریک ممالک میں برطانیہ، سویڈن، ڈنمارک، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، اسپین، ہالینڈ، بیلجیم، رومانیہ، جمہوریہ چیک، فرانس، آسٹریا، ایران، بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، لبنان، تھائی لینڈ، ترکی، انڈونیشیا، سعودی عرب، چین، کینیا، نائجیریا، ساحلِ عاج اور مصر شامل ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 20 ایسے صوبوں میں بھی پرچمِ غدیر لہرایا جائے گا جو حالیہ جارحیت اور بمباری سے متاثر ہوئے تھے۔ یہ اقدام روضۂ علویہ کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے اظہار کے طور پر شروع کی گئی امدادی مہم کا حصہ ہے۔ پرچمِ غدیر امید، استقامت، ثابت قدمی اور غدیری اقدار سے وابستگی کا پیغام بن کر بلند ہوگا

انہوں نے آخر میں بتایا کہ عظیم الشان رزمیہ ڈرامہ ’’البیعۃ إلی الحق‘‘ (حق کی بیعت) پندرہ روز تک جاری رہے گا، جس میں 500 سے زائد اداکار، فنکار اور تکنیکی ماہرین اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

العودة إلى الأعلى