مسلسل چوتھے سال حج ایوارڈ عراق کے نام
حج سیزن 1447ھ / 2026ء میں عراق نے ایک بار پھر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے دیا جانے والا معروف لبیتم ایوارڈ اپنے نام کر لیا
یہ اعزاز بہترین انتظامات، اعلیٰ معیار کی خدمات، مثالی رہنمائی اور حجاجِ کرام کی بہترین خدمت انجام دینے والی ممتاز اسلامی حج بعثات کو دیا جاتا ہے
اس سال بھی عراقی حج بعثہ اپنی شاندار انتظامی کارکردگی، منظم خدمات اور حجاج کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کے باعث اس اہم بین الاقوامی اعزاز کا مستحق قرار پایا، یوں عراق نے مسلسل چوتھے سال یہ ایوارڈ حاصل کرکے اپنی نمایاں پوزیشن برقرار رکھی
عراقی حج بعثہ کے سربراہ جناب الشیخ سامی المسعودی نے یہ اعزاز وصول کیا
اس موقع پر انہوں نے اس کامیابی کو عراق کی حکومت، عوام اور حجاجِ کرام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حجاج نے اپنے نظم و ضبط، حسنِ اخلاق اور ضابطوں کی پابندی کے ذریعے دنیا بھر میں عراق کا روشن، مہذب اور مثبت تشخص اجاگر کیا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز عراقی حج بعثہ کے تمام شعبوں کی مسلسل محنت، باہمی ہم آہنگی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین انتظامی کارکردگی کا عملی اعتراف ہے
واضح رہے کہ حج 1447ھ / 2026ء میں دنیا بھر کے تقریباً 165 ممالک سے 17 لاکھ 7 ہزار 301 سے زائد حجاجِ کرام نے فریضۂ حج ادا کیا، جن میں 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج بیرونِ مملکت سے جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار 646 حجاج سعودی عرب کے اندر سے شامل تھے


