86 دن بعد عراق سے پاکستان براہِ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز
خطے میں جاری کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث گزشتہ کئی ہفتوں سے فضائی آپریشن شدید متاثر رہے جس کے نتیجے میں ہزاروں زائرینِ ابا عبداللہ الحسینؑ زیارات سے محروم ہو گئے تھے
تاہم 86 دن بعد عراق اور پاکستان کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال ہو گیا ہے، جس پر زائرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد خطے کی فضائی صورتحال متاثر ہوئی تھی، جس کے باعث متعدد بین الاقوامی پروازیں معطل یا منسوخ کر دی گئی تھیں
اب عراق سے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کو زائرین کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے
بغداد سے العراقیہ ایئر ویز کی پہلی پرواز آئی اے 409 آج صبح 4 بج کر 53 منٹ پر کراچی پہنچی، جس میں بڑی تعداد میں مسافر اور زائرین سوار تھے
اسی طرح کراچی سے عراق ایئر کی پرواز آئی اے 410 صبح 7 بج کر 14 منٹ پر بغداد کے لیے روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں زیارتِ عرفہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند عاشقانِ اہلِ بیتؑ کی بڑی تعداد موجود تھی
ذرائع کے مطابق جب یہ پرواز بغداد کی سرزمین پر اتری تو لبیک یا حسینؑ کے پُرجوش نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ زائرین نے عراق کی مقدس سرزمین پر قدم رکھتے ہی سجدۂ شکر ادا کیا اور بارگاہِ الٰہی میں عرفہ کی زیارت کی توفیق پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لایا
واضح رہے کہ اس روٹ کی آخری پرواز 28 فروری کو بغداد سے براہِ راست کراچی پہنچی تھی، جبکہ پرواز آئی اے 409 آخری مرتبہ 15 فروری کو کراچی آئی تھی بعد ازاں 2 اور 3 مئی کی پروازیں بھی شیڈول میں شامل تھیں، تاہم حالات کے باعث انہیں منسوخ کر دیا گیا تھا
ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق ایئر جلد بغداد سے اسلام آباد کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کرے گی، تاکہ ایامِ عاشوراء میں آنے والے زائرین کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ نجف اور کراچی کے درمیان براہِ راست فضائی آپریشن شروع کیے جانے کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے


