وارث الأنبیاء فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہیئتِ طلابِ بلتستان کے زیرِ اہتمام علماء و خطباء کانفرنس

2026-05-22 10:33

حرمِ امام حسینؑ کے ذیلی ادارے، وارث الأنبیاء نہضتِ حسینی فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہیئتِ طلابِ بلتستان، مقیم نجفِ اشرف کی جانب سے ایک پُروقار علماء و خطباء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

یہ عظیم علمی و تبلیغی کانفرنس دارالعلم للإمام الخوئی، نجفِ اشرف کی خوبصورت مسجد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حوزۂ علمیہ کے اساتذہ، مراجعِ عظام کے دفاتر کے نمائندگان، علمی و روحانی شخصیات اور بلتستان سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے بھرپور شرکت کی

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد وارث الأنبیاء نہضتِ حسینی فاؤنڈیشن کے مسئول، جناب شیخ باقر الساعدی نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے نہضتِ حسینیؑ کے فروغ اور دینی و تبلیغی میدان میں فاؤنڈیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی

کانفرنس کے مرکزی مقرر، استادِ حوزۂ علمیہ آیت اللہ سید حسین الحکیم الطباطبائی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عصرِ حاضر میں تبلیغِ دین کی اہمیت، مؤثر اندازِ تبلیغ اور مبلغین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی

بعد ازاں دارالعلم الخوئی کی جانب سے جناب سید ڈاکٹر زید بحرالعلوم نے خطاب کرتے ہوئے اس نوعیت کی علمی و تبلیغی کانفرنسوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ان کے مثبت اثرات بیان کرتے ہوئے الخوئی فاؤنڈیشن کی تبلیغی میدان میں جاری خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر ہیئتِ طلابِ بلتستان کی جانب سے جناب سید حسنین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے ہیئت کی دینی، تعلیمی اور تبلیغی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بلتستان میں ثقافتی یلغار کا ذکر کرتے ہوئے مؤثر تبلیغِ دین کی ضرورت پر زور دیا

آخر میں انہوں نے تمام شرکاء، علماء کرام، اساتذۂ حوزہ، اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والی شخصیات و اداروں، بالخصوص وارث الأنبیاء نہضتِ حسینی فاؤنڈیشن، کا شکریہ ادا کیا

منسلکات

العودة إلى الأعلى