کربلاء : حرمِ امام حسین علیہ السلام کی دیار طیبہ ہاؤسنگ سوسائٹی تکمیل کے قریب
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ توسیعی منصوبہ جات کے سربراہ انجینئر حسین رضا مہدی نے بتایا ہے کہ کربلاء میں مستحق اور غریب خاندانوں کے لیے دیار طیبہ ہاؤسنگ سوسائٹی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے
انہوں نے کہا کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی 40 دونم رقبے پر تعمیر کی جا رہی ہے، جس میں ایک مرکزی جامع مسجد، دو اسکول، کھیل کے میدان، پارکس اور جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ شامل ہیں، تاکہ رہائشیوں کو خود کفالت اور اعلیٰ معیارِ زندگی کی سہولیات میسر آ سکیں، جبکہ سبزہ زاروں کے لیے 40 فیصد رقبہ مختص کیا گیا ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں 422 رہائشی گھر شامل ہیں، جبکہ اس سے قبل 232 گھروں کی تعمیر اور فرنشنگ مکمل کی جا چکی ہے، جن میں سے 204 گھر مستحق خاندانوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی گھروں کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے
انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ مستحق خاندانوں کے لیے پُرسکون، محفوظ اور باوقار رہائشی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ سماجی تحفظ کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جہاں تمام ضروری سہولیات اعلیٰ معیار کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں
یاد رہے کہ یہ منصوبہ حرمِ امام حسین علیہ السلام کے انسانی فلاح و بہبود کے اُن اہم منصوبوں میں شامل ہے، جو مرجعیتِ عالیہ کے نمائندے شیخ عبد المہدی الکربلائی کی ہدایت پر جاری ہیں، جن کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کی عزت و وقار محفوظ رکھا جا سکے


