تونس کے بین الاقوامی کتب میلے میں حرم امام حسین علیہ السلام کی بھرپور شرکت
حرم امام حسین علیہ السلام نے پہلی مرتبہ تونس کے 40ویں بین الاقوامی کتب میلے میں شرکت کی ہے، تاکہ فکرِ کربلا اور پیغامِ حسینی کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا جا سکے
حرم امام حسین علیہ السلام کی اس خصوصی شرکت کا مقصد عرب اور بین الاقوامی ثقافتی میدانوں میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانا، مختلف فکری و ثقافتی اداروں سے روابط قائم کرنا، اور علمی شخصیات، اشاعتی اداروں اور تحقیقی مراکز کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے، تاکہ تجربات کا تبادلہ ہو اور مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کو تقویت ملے۔
حرم امام حسین علیہ السلام کا بک اسٹال میلے میں آنے والے زائرین کے لیے ایک نمایاں مرکز ہوگا، جہاں اسلامی فکر، علومِ انسانی، تاریخ و ثقافت، اور اس سے وابستہ تحقیقی مراکز و اداروں کی متعدد اہم مطبوعات پیش کی جائیں گی۔ یہ مطبوعات علم کی خدمت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور شعور و آگہی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاس ہیں
اس شرکت میں خصوصی میڈیا کوریج بھی شامل ہوگی، جس کے تحت صحافتی رپورٹس اور براہِ راست کوریج کے ذریعے اسٹال کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف فکری و ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوں گے، جن کا مقصد اعتدال، میانہ روی، مکالمے، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینا ہے
اس موقع پر حرم امام حسین علیہ السلام کے اسٹال کے مسئول علی ماميثة نے کہا تونس عالمی کتب میلے میں ہماری شرکت حرم امام حسین علیہ السلام کی بین الاقوامی ثقافتی سرگرمیوں میں موجودگی کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہم اس کے ذریعے اپنے علمی اور انسانی پیغام کو وسیع تر حلقوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ اسی طرح ہم اپنی مطبوعات کو عرب قاری کے شایانِ شان انداز میں پیش کرنے اور مختلف ثقافتی و فکری اداروں کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی شرکت محض ایک بین الاقوامی نمائش میں موجودگی نہیں، بلکہ ایک تہذیبی پیغام ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ حرم امام حسین علیہ السلام ثابت قدمی کے ساتھ عالمی سطح کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وہ اپنے ثقافتی اور روحانی ورثے کو ساتھ لیے ہوئے اقوام کے درمیان قربت کے پل قائم کر رہا ہے، علم و معرفت کی ثقافت کو فروغ دے رہا ہے، اور اعلیٰ انسانی اقدار کو مختلف عالمی فورمز پر اجاگر کر رہا ہے


