عراق: سیدہ خدیجہ میڈیکل کالج و ہسپتال برائے خواتین کا افتتاح

2026-04-21 10:00

مرجعیتِ دینیۂ علیا کے نمائندے نے عراق میں پہلی بار میڈیکل کالج و ہسپتال میں خواتین کے لیے ایک الگ اور خصوصی شعبے کا افتتاح کر دیا

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عبدالمہدی الکربلائی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ہسپتال صرف زچگی یا اطفال کے علاج تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ اسے ایک جامع طبی ادارہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جہاں مختلف طبی شعبہ جات کے ساتھ ساتھ پیچیدہ اور تخصصی شعبے بھی موجود ہوں گے

انہوں نے مزید کہا کہ اس ہسپتال کا قیام دو بنیادی مقاصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔ پہلا مقصد خواتین کی خدمت اور ان کی مخصوص طبی ضروریات کا خیال رکھنا ہے، جبکہ دوسرا مقصد سبطین یونیورسٹی اور دیگر طبی اداروں کے درمیان علمی تعاون کو فروغ دینا اور انٹر نیشنل میڈیکل اداروں کے ساتھ روابط استوار کرنا ہے

انہوں نے وضاحت کی کہ ہسپتال کو خواتین کے لیے مخصوص کرنے کا مقصد ان کے مسائل اور ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا ہے، تاہم اس کی خدمات کو کسی ایک یا چند شعبوں تک محدود نہیں رکھا جائے گا، بلکہ یہاں جدید اور متنوع تخصصات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

شیخ الکربلائی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ خواتین ڈاکٹروں کو پیچیدہ اور دقیق طبی شعبوں میں تخصص حاصل کرنے کی ضرورت ہے، جیسے جراحیِ دماغ و اعصاب اور ریڑھ کی ہڈی کی سرجری، تاکہ طبی خدمات میں حقیقی تکمیل پیدا ہو اور شعبۂ صحت میں خواتین کا کردار مزید مضبوط ہو سکے

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال اور جامعہ کے درمیان علمی و تحقیقی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعاون کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید تعلیمی و سائنسی ہالز قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ طبی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو مؤثر بنایا جا سکے

آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک کامیاب اور مثالی ڈاکٹر کی تشکیل صرف علمی مہارت تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ اس میں انسان دوستی، رحم دلی، حسنِ سلوک اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اخلاقیات بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہیں

منسلکات

العودة إلى الأعلى