حرم امام حسین ع نے ذی قار میں یتیموں کے تعلیمی کمپلیکس کا 68 فیصد کام مکمل کر لیا
حرم امام حسین ع کے شعبۂ انجینئرنگ و فنی منصوبہ جات کے جنوبی ریجن کے انچارج، انجینئر صفوان الصافی نے بتایا ہے کہ صوبہ ذی قار میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم کیے جانے والے کمپلیکس پر تیزی سے کام جاری ہے
یہ منصوبہ انسانی ہمدردی اور فلاحی خدمات کے تحت اس طبقے کی کفالت اور ایک مکمل تعلیمی و تربیتی ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے تعمیر کیا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور فنی ٹیموں نے منصوبے میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے، جہاں پہلے مرحلے کی تکمیل کی شرح 68 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ عظیم تعلیمی کمپلیکس تقریباً 31,000 مربع میٹر کے وسیع رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں متعدد منزلہ پانچ اسکولز، ایک علیحدہ نرسری (کنڈرگارٹن) کی عمارت، سروس اور انتظامی بلاکس، اور ایک بڑی کثیر المقاصد ہال شامل ہے
انہوں نے مزید کہا کہ کمپلیکس میں ہر اسکول کی گنجائش 1,100 سے زائد طلبہ ہے، جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جو ابتدائی جماعتوں سے لے کر میٹرک تک جاری رہے گی
انجینئر صفوان الصافی کے مطابق کمپلیکس کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جن میں سینٹرل کولنگ سسٹم، اسمارٹ سیکیورٹی کیمرے، اور انٹرنیٹ سروس شامل ہیں۔ بیرونی ڈھانچے میں اعلیٰ معیار کے تعمیراتی مواد جیسے سنگِ مرمر، GRC اور کربلائی کاشی استعمال کی جا رہی ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ اندرونی ڈیزائن میں عالمی معیار کے رنگ و روغن اور فرش استعمال کیے جا رہے ہیں، تاکہ ایک آرام دہ، محفوظ اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے، جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو


