گلگت: عظمتِ شہداء و عزمِ وفا کانفرنس کا شاندار انعقاد
گلگت میں انجمن امامیہ گلگت کے زیراہتمام شاہی پولو گراؤنڈ میں عظمتِ شہداء و عزمِ وفا کانفرنس کے عنوان سے ایک عظیم الشان عوامی اجتماع منعقد ہوا، جس میں شہدائے اسلام کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
یہ اجتماع شہدائے راہِ حق بالخصوص رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی الحسینی خامنہ ای کی چہلم کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، جید علماء کرام اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی
بلتستان سے انجمنِ امامیہ کے صدر آغا باقر الحسینی کی قیادت میں نمائندہ علماء نے شرکت کی، جبکہ استور سے بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد شریک ہوا۔ قائدِ ملتِ جعفریہ گلگت آغا سید راحت الحسینی کی خصوصی اپیل پر دور دراز علاقوں سے عوام کے قافلے سخت موسمی حالات کے باوجود جوش و جذبے کے ساتھ اجتماع میں پہنچے
اجتماع کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا
اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے آغا باقر الحسینی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور گلگت بلتستان میں دیر پا امن کے لئے چاٹر آف ڈیمانٹ پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا
اس عظیم اجتماع میں نوجوانوں، بزرگوں، علماء، عمائدین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے مظلومین کے ساتھ یکجہتی اور ظالم قوتوں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ گلگت کے ہر گاؤں، علاقے اور ہر محلے سے عوام منظم انداز میں شریک ہوئے، جس سے اس اجتماع کی غیر معمولی اہمیت اور عوامی جوش و جذبہ واضح ہوا جس پر آغا راحت الحسینی نے دور دراز سے آنے والے علماء، عمائدین، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا
اجتماع کے دوران شرکاء نے صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا اور مختلف مواقع پر نعرۂ تکبیر، نعرۂ رسالت، نعرۂ حیدری اور “کربلا کربلا” جیسے فلک شگاف نعروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا
یہ عظیم الشان اجتماع نہ صرف شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا مظہر تھا بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کے عزم کی تجدید کا بھی واضح پیغام تھا


