سکردو: شہید رہبرِ معظم کے چہلم کے موقع پر عظیم الشان اجتماع

2026-04-12 10:24

بلتستان کے مرکزی شہر سکردو میں شہدائے اسلام، بالخصوص رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی الحسینی خامنہ ای کے چہلم کی مناسبت سے ایک عظیم الشان اور تاریخی اجتماع منعقد ہوا، جس بلتستان بھر سے لاکھوں افراد نے شرکت کی

یہ اجتماع انجمن امامیہ بلتستان کے زیرِ اہتمام میونسپل سٹیڈیم سکردو میں منعقد کیا گیا، جہاں بلتستان کے چاروں اضلاع سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام نے شرکت کی

یہ اجتماع شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی الحسینی خامنہ ای اور دیگر شہدائے راہِ حق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندہ علماء نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا

اجتماع سے خصوصی طور پر قائدِ گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی نے خطاب فرمایا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ حکومتِ پاکستان اور پاک فوج کا امن کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

جبکہ صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے شرکاء، دور دراز سے تشریف لانے والے علماء و زعماء، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا

اس اجتماع میں بلتستان کے چاروں اضلاع کے علاوہ گلگت سے بھی مومنین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اجتماع میں نوجوانوں، بزرگوں، علماء، عمائدین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور مظلومین کے ساتھ یکجہتی جبکہ ظالم قوتوں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ بلتستان کے ہر گاؤں، علاقے اور ہر محلے سے عوام منظم انداز میں اس پروگرام میں شریک ہوئے، جس سے اس کی غیر معمولی اہمیت اور عوامی جوش و جذبہ واضح ہوا۔

شرکاء نے پورے اجتماع کے دوران صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا اور مختلف مواقع پر نعرۂ تکبیر، نعرۂ رسالت، نعرۂ حیدری اور حق کا سیدھا راستہ، کربلا کربلا جیسے فلک شگاف نعروں کے ذریعے مقررین کو داد دیتے رہے۔

یہ عظیم الشان اجتماع نہ صرف شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا مظہر تھا بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کے عزم کی تجدید بھی تھا۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى