عراقی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آج سے فضائی حدود کھولنے کا اعلان
عراقی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج بروز بدھ سے عراقی فضائی حدود اور ملک کے تمام ہوائی اڈے فضائی آمد و رفت کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سیز فائر معاہدے اور عارضی امن کے پیشِ نظر کیا گیا
انہوں نے مزید بتایا گیا کہ آج سے تمام ایئر لائنز کی پروازیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ فضائی حدود میں پروازوں کے روٹس، اڑان بھرنے اور لینڈنگ کی تمام سرگرمیوں کی اجازت مقررہ ضوابط کے تحت دے دی گئی ہے
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت فضائی سلامتی اور سیکیورٹی کے اعلیٰ ترین معیارات پر عملدرآمد جاری رکھے گی، تاکہ فضائی نقل و حمل کو مؤثر، محفوظ اور رواں رکھا جا سکے
دوسری جانب نجف اشرف کے گورنر انجینئر یوسف گناوی نے تصدیق کی کہ نجف اشرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے اور جانے والی تمام پروازوں کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور تمام اقدامات اعلیٰ ترین حفاظتی اور انتظامی معیار کے مطابق کیے جا رہے ہیں
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق متعلقہ ایئر لائنز کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ آنے اور جانے والی پروازوں کے شیڈول کو اپڈیٹ اور منظم کیا جا سکے۔ یہ تمام اقدامات ایئر لائنز کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور طے شدہ اصولوں کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں
مزید برآں، انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گورنر کی ہدایات اور عراقی سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کے مقرر کردہ معیارات کی مکمل پاسداری کی جائے گی، تاکہ فضائی آپریشنز کی بحالی تدریجی، منظم اور محفوظ انداز میں ممکن ہو، اور مسافروں کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے
انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ متعلقہ ٹیمیں اس وقت لاجسٹک امور کو تیزی سے منظم کر رہی ہیں اور مختلف بین الاقوامی مقامات کے ساتھ پروازوں کے شیڈول ترتیب دے رہی ہیں، تاکہ فضائی ٹریفک کو ہموار بنایا جا سکے
ایئرپورٹ کا تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور جلد ہی پروازوں کی آمد و رفت باقاعدہ طور پر شروع کر دی جائے گی، جو عراقی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نگرانی میں انجام پائے گی
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پروازوں کے اوقات سے متعلق کسی بھی نئی پیش رفت کے لیے ایئرپورٹ کے سرکاری ذرائع سے باخبر رہیں۔



