کربلا: خاتم الانبیاءؐ ہسپتال تکمیل کے قریب

2026-04-05 10:59

کربلا میں حرم امام حسین ع کے زیرِ اہتمام تعمیر ہونے والا خاتم الانبیاءؐ برائے امراضِ قلب و شریان ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے

منصوبے کے ڈائریکٹر انجینئر میثم القریشی کے مطابق، منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور مختلف مراحل میں نمایاں پیش رفت حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 80 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ 16 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا جا رہا ہے، جب کہ اس کا کل تعمیراتی رقبہ تقریباً 35 ہزار مربع میٹر ہے۔ ہسپتال کو جدید عالمی معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ان کے مطابق ہسپتال تین مرکزی عمارتوں پر مشتمل ہوگا، جن میں سب سے اہم 11 منزلہ مرکزی عمارت ہے، جس میں 157 بستروں کی گنجائش ہوگی۔ اس میں جدید سرجیکل شعبہ قائم کیا جائے گا، جہاں 7 جدید آپریشن تھیٹرز ہوں گے، جن میں ایک ہائبرڈ آپریشن روم (Hybrid OR) بھی شامل ہے، جو جدید ترین طبی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا۔ اس کے علاوہ دل کی کیتھیٹرائزیشن کے لیے 4 خصوصی لیبارٹریاں بھی قائم کی جائیں گی

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے میں ایک لاجسٹک سروسز بلڈنگ بھی شامل ہے، جو 6 منزلوں پر مشتمل پارکنگ کے طور پر استعمال ہوگی، تاکہ مریضوں، زائرین اور طبی عملے کی آمد و رفت کو منظم بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ایک علیحدہ سروس عمارت بھی ہوگی، جو مکینیکل اور برقی نظاموں کے لیے مختص ہوگی، جہاں ٹرانسفارمرز اور جنریٹرز نصب کیے جائیں گے تاکہ بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال کو جدید تکنیکی نظاموں سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جن میں عالمی معیار کے مطابق مرکزی ایئر کنڈیشننگ (HVAC)، اسمارٹ فائر الارم اور فائر فائٹنگ سسٹمز، جدید لفٹس اور برقی سیڑھیاں شامل ہیں

آخر میں انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کو جدید ترین تشخیصی اور علاجی طبی آلات سے بھی لیس کیا جائے گا

واضح رہے کہ ہسپتال کے فعال ہونے کے بعد زائرینِ کربلا اور عراقی عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی

منسلکات

العودة إلى الأعلى