ایران: میناب کے اسکول کو جدید تعلیمی کمپلیکس میں تبدیل کرنے کا اعلان
ایران کے شہر میناب میں اس اسکول کو، جہاں صیہونی و امریکی حملے میں 176 معصوم بچے شہید ہوئے تھے، حرم امام حسینؑ کی سرپرستی میں جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا
مرجعِ دینیِ اعلیٰ کے وکیل کی خصوصی ہدایت پر اس تعلیمی کمپلیکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حرم امام حسینؑ کا اعلیٰ سطحی وفد جب تعزیت کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچا تو وہاں کے رقت آمیز مناظر نے سب کو آبدیدہ کر دیا۔ اسی موقع پر شہداء سے عہدِ وفا کرتے ہوئے میناب میں ایک جدید تعلیمی نظام کے تحت اسکول کمپلیکس کی تعمیر کے لیے سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔
کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی کے مطابق، اس منصوبے کی سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سادہ مگر باوقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں حرم امام حسینؑ کے اعلیٰ سطحی وفد کے علاوہ دینی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حرم کے نائب سیکرٹری جنرل محمد بحرالعلوم نے سنگِ بنیاد رکھ کر باضابطہ طور پر منصوبے کا آغاز کیا
یہ تعلیمی کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا اور اسے “سمارٹ اسکول” کے طور پر تعمیر کیا جائے گا، تاکہ طلبہ کو بہترین اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ مرجعیتِ دینیہ کی ہدایات کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف جدید تعلیم کو فروغ دینا ہے بلکہ ان معصوم طلبہ کی یاد کو بھی ہمیشہ زندہ رکھنا ہے جو اس اندوہناک حملے میں شہید ہوئے



