لبنان میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے این جی اوز کے استفسار پر مرجعِ عالیقدر سید علی الحسینی سیستانی (دام ظلّہ الوارف) کا جواب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہمارے سروں کا تاج، شفیق سرپرست اور باعثِ افتخار مرجعِ دینیِ اعلیٰ،سید علی الحسینی سیستانی (دام ظلّہ الوارف)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ہم آپ کے فرزند، اسعافِ نبطیہ کے رضاکار، شہر نبطیہ اور اس کے نواحی علاقوں میں امدادی و فلاحی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان خدمات میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنا اور تقریباً (170) ایسے خاندانوں تک روزانہ بنیادی غذائی ضروریات پہنچانا شامل ہے جو اب بھی اس شہر میں ثابت قدم ہیں
موجودہ حالات کے پیش نظر ہمارا کام شدید خطرات سے دوچار ہے، کیونکہ امدادی ٹیموں کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ چند روز قبل ہم نے اپنے دو رضاکار ساتھیوں کو دورانِ خدمت کھو دیا، تاہم اس کے باوجود ہم بلند حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ علاقے میں متعدد امدادی ٹیمیں اور ہسپتال بدستور خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ہم بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر مکمل حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں
ہماری قیام گاہ بھی نسبتاً محفوظ ہے، کیونکہ یہ ایک ہسپتال کے احاطے میں واقع ہے
سوال
کیا ان خطرات کے باوجود اس خدمت کو جاری رکھنا شرعاً جائز اور موجبِ اجر ہے؟ اور موجودہ حالات میں ہمارا شرعی فریضہ کیا ہے؟
ہم آپ سے دعا اور رہنمائی کے طلبگار ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہماری اور تمام مؤمنین کی جانب سے بہترین جزا عطا فرمائے
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا ادنیٰ خادم
مسؤول اسعافِ نبطیہ
9 شوال 1447ھ مطابق 29 مارچ 2026ء
جواب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اللہ تعالیٰ آپ کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، آپ کو اجرِ عظیم سے نوازے، اور شہید ہونے والے دونوں رضاکاروں کو حضرت امام حسینؑ کے اصحاب میں محشور فرمائے
اما بعد
اگر آپ کی امدادی سرگرمیاں مؤمنین کی جان بچانے یا انہیں شدید نقصان سے محفوظ رکھنے پر موقوف ہوں، تو یہ عمل اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت پسندیدہ ہے، بلکہ بعض حالات میں یہ واجبِ کفائی کے درجے تک بھی پہنچ سکتا ہے
اللہ تعالیٰ آپ سب کی حفاظت فرمائے اور آپ کو ہر قسم کے شر اور تکلیف سے محفوظ رکھے
آپ کے لیے سلام، احترام اور خالص دعائیں، نیز آپ کے شہر کے معزز امام، جناب علامہ حجۃ الاسلام شیخ عبدالحسین صادق (دامت برکاتہ) کے لیے بھی خصوصی دعائیں
مکتبِ سید سیستانی (دام ظلّہ) نجف اشرف
12 شوال 1447ھ



