آبنائے ہرمز کی بندش اور مختلف ممالک میں توانائی بحران

2026-03-25 12:31

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگی صورتحال کے تناظر میں ایران نے اسٹریٹجک طور پر آبنائے ہرمز کو بند کر دیا، جس کے نتیجے میں دنیا کے متعدد ممالک توانائی کے شدید بحران سے دوچار ہو گئے ہیں

اس صورتحال کے پیشِ نظر مختلف ممالک نے توانائی کے استعمال میں کمی اور معیشت کے استحکام کے لیے ہنگامی و کفایتی اقدامات شروع کر دیے ہیں

مصر میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ دکانیں، مالز اور ریستوران رات 9 بجے جبکہ جمعرات اور جمعہ کو رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر سائن بورڈز اور اسٹریٹ لائٹس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ملازمین سے آن لائن کام لینے پر بھی غور جاری ہے یہ اقدامات 28 مارچ سے ایک ماہ کے لیے نافذ ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر ان میں توسیع کی جا سکتی ہے

سری لنکا کی حکومت نے بدھ کے دن کو سرکاری تعطیل قرار دے دیا ہے تاکہ ہفتے میں چار دن کام کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہر فرد کے لیے ایندھن کی خریداری کی حد بھی مقرر کر دی گئی ہے

پاکستان میں وزیرِ اعظم نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معیشت کے استحکام، عوامی ریلیف، سادگی اور توانائی کی بچت کے لیے 14 نکاتی کفایت شعاری پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کے تحت اشرافیہ کی مراعات محدود کرنے، سرکاری اخراجات میں کمی لانے اور وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا ہے

اہم فیصلوں میں دو ماہ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے پٹرول میں 50 فیصد کمی، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی، کابینہ اراکین، وزراء، مشیران اور معاونینِ خصوصی کی دو ماہ تک تنخواہوں کی معطلی، ارکانِ اسمبلی کی تنخواہوں میں 25 فیصد کمی، گریڈ 20 سے اوپر کے افسران کی دو دن کی تنخواہ کی کٹوتی، اور سرکاری محکموں کے اخراجات میں 20 فیصد کمی شامل ہے۔ ان اقدامات کو ملکی مفاد کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ میں بجلی کے استعمال میں کمی کے لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے تاکہ ایئر کنڈیشنرز کا استعمال کم کیا جا سکے

میانمار میں حکومت نے ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے مخصوص اوقات میں مخصوص گاڑیوں کے استعمال کی اجازت دی ہے

بنگلہ دیش میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ فلپائن میں سرکاری ملازمین کو ہفتے میں ایک دن گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ایندھن کی کھپت کم ہو سکے

دوسری جانب امریکہ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور حکومت توانائی کے استعمال میں کمی کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے

یہ تمام اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی سطح پر توانائی کے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس کے اثرات معیشت اور روزمرہ زندگی دونوں پر واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں

مطلوبہ الفاظ : آبنائے ہرمز

العودة إلى الأعلى