کربلا: مستحق خاندانوں کے لیے رہائشی کمپلیکس کی تعمیر تیزی سے جاری
حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ اہتمام کربلا میں غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے رہائشی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے
اسٹریٹجک منصوبہ جات کے سربراہ، انجینئر محمد ضیاء محمد نے حرم کی سرکاری ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عتبہ حسینیہ اس رہائشی منصوبے کی تکمیل کے لیے بھرپور انداز میں کام جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کو مناسب رہائش فراہم کرنا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور رہائشی مکانات کے اندرونی و بیرونی تکمیلی مراحل میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق تمام گھروں کا بنیادی ڈھانچہ اور ضروری کام مکمل ہو چکے ہیں، جن میں سیوریج، بارش کے پانی کی نکاسی اور صاف پانی کی فراہمی کے نیٹ ورکس شامل ہیں
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ 150 دونم رقبے پر قائم ہے، جس میں سے 54 دونم تعمیرات کے لیے مختص ہیں، جبکہ اس میں مجموعی طور پر 509 رہائشی مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں منصوبے میں دو اقسام کے مکانات شامل ہیں: ایک 150 مربع میٹر اور دوسرا 120 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے۔ ہر مکان میں دو بیڈ روم، ڈرائنگ روم، مہمان خانہ، کچن اور باتھ روم شامل ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں سبزہ زار، چار اسکول، نرسری، کنڈرگارٹن، ایک ڈسپنسری، کھیلوں کے میدان، تفریحی مقامات اور ایک مسجد بھی شامل ہوں گے
یہ منصوبہ عتبہ حسینیہ مقدسہ کے نمایاں فلاحی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے، جو اس کے انسانی و سماجی مشن کے تحت مستحق طبقات کی کفالت اور انہیں باعزت رہائش فراہم کرنے کے لیے جاری ہے، تاکہ معاشرتی استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے



