امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد میں مختلف مذاہب کے علما و قائدین کا دورہ
امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے معزز رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے خصوصی دورہ کیا
امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے معزز رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے خصوصی دورہ کیا۔ وفد میں مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی اور مسلم کمیونٹی کے نمائندہ افراد شامل تھے، جنہوں نے باہمی احترام، امن اور مکالمے کے فروغ کے جذبے کے ساتھ سنٹر کا دورہ کیا۔
سنٹر آمد پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں ایک تفصیلی بریفنگ سیشن منعقد ہوا جس میں وفد کو سنٹر کی جانب سے جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا، جن میں:
· بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنسز اور مکالماتی نشستیں
· مختلف مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ امن پروگرامز
· نوجوانوں کیلئے تربیتی ورکشاپس اور اخلاقی رہنمائی
· معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے مطالعاتی نشستیں شامل تھے۔
وفد کو حرمِ امام حسینؑ (کربلا مقدسہ) کے تحت دنیا بھر میں جاری علمی، فکری اور ثقافتی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن کا مقصد انسانیت، خدمتِ خلق اور عالمی امن کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
شرکاء نے سنٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے مذاہب کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مکالمے کو فروغ دینے کی ایک مؤثر کاوش قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں باہمی احترام، برداشت اور مشترکہ انسانی اقدار کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
شرکاء میں پروفیسر مہر داد (بہائی)، ناصر مسیح (مسیحی)، منور مسیح (مسیحی) سردار رنجیت سنگھ (سکھ)، پنڈت راکیش چند (ہندو)، ثریا اصغر (مسلمان)، پادری اشفاق بھٹی (مسیحی)، پیر عظمت شاہ (مسلمان)، ریورنڈ ناصر خان (مسیحی)، آسیہ ناصر (مسیحی) ، انجینئر روش اللہ اور، ڈاکٹر میر عالم شامل تھے۔



