بین الاقوامی قرآنی مقابلے میں حرم امام حسینؑ کی نمایاں کامیابی
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام شعبۂ دارالقرآن الکریم نے جمہوریۂ مصر میں منعقد ہونے والے نویں بین الاقوامی مقابلۂ حفظ و تلاوتِ قرآن کریم میں تیسری پوزیشن حاصل کی
اس عالمی قرآنی مقابلے میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز قراء اور حفاظِ کرام نے شرکت کی، جب کہ مجموعی طور پر 32 سے زائد عرب و غیر عرب ممالک اس مقابلے کا حصہ تھے
دارالقرآن الکریم کے بین الاقوامی قرآنی میڈیا کے ذمہ دار استاد وسام نذیر نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ دارالقرآن الکریم نے بورسعید میں منعقد ہونے والے اس نویں بین الاقوامی قرآنی مقابلے میں شرکت کی، جو تین دن تک جاری رہا
انہوں نے مزید کہا کہ اس مقابلے میں شرکت حرم امام حسین علیہ السلام کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد قراء اور حفاظِ کرام کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بین الاقوامی قرآنی محافل میں عراق کی مؤثر نمائندگی کے قابل بنانا ہے۔
اس موقع پر عراق کی نمائندگی کرتے ہوئے حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ دارالقرآن الکریم کے ہونہار قاری فلاح الزلیف عطیہ نے خوش الحانی (حُسنِ صوت) کے شعبے میں تیسری پوزیشن حاصل کی
استاد وسام نذیر نے واضح کیا کہ یہ بین الاقوامی کامیابی اس اعلیٰ معیار کے تخصصی قرآنی تربیتی نظام کی عکاس ہے جس کی سرپرستی عتبہ حسینیہ کرتی ہے اور جس کی نگرانی دارالقرآن الکریم انجام دیتا ہے۔ یہ نتائج اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ دارالقرآن الکریم قرآنی صلاحیتوں کی تربیت، عراقی قرآنی مکتبِ فکر کے عالمی تعارف، قرآنِ کریم کی خدمت اور اس کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے



