کربلا: مرکزِ سید جعفر الحلی زائرین کو مفت ہنگامی طبی خدمات فراہم کر رہا ہے
حرمِ حضرت عباسؑ کے زیرِ اہتمام مرکزِ سید جعفر الحلی برائے ہنگامی طبی خدمات زائرینِ عتباتِ مقدسہ کو مفت اور فوری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے
یہ مرکز جدید ترین طبی آلات اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔
حرمِ حضرت عباسؑ کے طبی امور کے معاون، استاد ماہر خالد نے بتایا کہ مرکزِ سید جعفر الحلی برائے ہنگامی طبی خدمات کا افتتاح ولادتِ امام حسینؑ کی پُرمسرت مناسبت سے کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد زائرین کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرکز میں ایک مکمل فارمیسی، دو ایمرجنسی وارڈز (ایک مردوں اور دوسرا خواتین کے لیے)، دو معالجین کے کمرے، دانتوں کے علاج کے لیے خصوصی شعبہ، جدید لیبارٹری، چھوٹے آپریشنز کے لیے مخصوص کمرہ، اس کے علاوہ الٹراساؤنڈ اور ایکسرے روم کے ساتھ ایک منظم انتظامی شعبہ بھی قائم ہے
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مرکز جدید طبی آلات اور ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس ہے اور وزارتِ صحت کے شعبۂ طبی آپریشنز اور محکمۂ صحت کربلا مقدسہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت ہنگامی طبی خدمات انجام دے رہا ہے
مزید برآں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرمِ حضرت عباسؑ زائرین کو فراہم کی جانے والی صحت و علاج کی سہولیات کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور اس مقصد کے تحت خصوصی طبی مراکز کے قیام کو ترجیح دے رہا ہے



