وزارتِ داخلہ کا نیمہ شعبان کی زیارت کے لیے مکمل سیکیورٹی پلان کا اعلان

2026-01-30 09:42

وزارتِ داخلہ نے نیمہ شعبان کے موقع پر امام حسینؑ کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے استقبال اور ان کے تحفظ کے لیے جامع اور خصوصی سیکیورٹی پلان کا اعلان کر دیا ہے

زیاراتِ میلیونیہ کے تحفظ کے لیے قائم وزارتِ داخلہ کی اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی کے ترجمان، بریگیڈیئر مقداد میری نے کربلا مقدسہ کی آپریشنز کمانڈ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نیمہ شعبان کی زیارت کے لیے خدماتی، انتظامی، سیکیورٹی اور باہمی رابطہ کاری پر مشتمل منصوبے پر عمل درآمد کا باضابطہ آغاز آج سے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سیکیورٹی منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلا مرحلہ پیشگی کارروائیوں پر مبنی تھا جس کی تیاری طویل عرصے سے جاری تھی، دوسرا مرحلہ زمینی سطح پر سیکیورٹی فورسز کی جانچ اور مشق پر مشتمل تھا جس کے تحت اصل منصوبے سے ہم آہنگ ایک آزمائشی پلان نافذ کیا گیا، جبکہ تیسرا مرحلہ آج سے شروع ہوا ہے جس میں براہِ راست اور مکمل عمل درآمد شامل ہے۔ اس مرحلے میں وزیرِ داخلہ عبدالأمیر الشمری اعلیٰ اور خدماتی کمیٹیوں کے ہمراہ خود میدان میں موجود ہیں اور بہتر ہم آہنگی کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔

بریگیڈیئر مقداد میری نے مزید بتایا کہ تمام سیکیورٹی یونٹس نے کربلا مقدسہ میں قائم مواکب اور معزز زائرین کے تحفظ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، جبکہ عراق کے تمام صوبوں اور زمینی و فضائی سرحدی راستوں سے ملک میں داخل ہونے والے زائرین کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جامع انٹیلی جنس منصوبے کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی تیار کیا گیا ہے، اور اس مقصد کے لیے وزارتِ دفاع اور الحشد الشعبی کی جانب سے اضافی نفری فراہم کی گئی ہے۔ ان کے مطابق تین مرکزی راستوں کو سیکیورٹی طور پر کور کیا جا رہا ہے جبکہ سیکیورٹی زونز کی تعداد دس مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس زیارت کے دوران نہ کوئی سیکیورٹی ناکہ بندی ہوگی اور نہ ہی شہر یا مزارات کے اطراف مسلح گشت ہوگا، بلکہ مکمل طور پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں، نگرانی کے لیے 1600 فکسڈ کیمروں کے علاوہ متحرک کیمروں اور جدید ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم سے مدد لی جائے گی تاکہ زیارت کے تمام مراحل کو محفوظ اور پُرامن بنایا جا سکے۔

العودة إلى الأعلى