پاکستان: ملک بھر میں اعیادِ شعبانیہ کی مناسبت سے محافلِ میلاد و جشن کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔
پاکستان بھر میں شعبانُ المعظم کے بابرکت ایام نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائے جا رہے ہیں۔
پاکستان بھر میں شعبانُ المعظم کے بابرکت ایام نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائے جا رہے ہیں۔ اعیادِ شعبانیہ کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات میں واقع امام بارگاہوں، مساجد اور دینی مراکز میں محافلِ میلاد، جشنِ اور خصوصی اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، لاہور، سندھ کے مختلف مقامات، گلگت اور سکردو میں منعقد ہوئے، جہاں ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے نہایت جوش و جذبےکے ساتھ ان محافل میں شرکت کی۔ ان محافل میں اہلِ بیتِ اطہارؑ کے ایامِ ولادت، بالخصوص سید الشہداء حضرت امام حسینؑ، بابُ الحوائج حضرت عباسؑ اور حضرت امام زین العابدینؑ کی سیرتِ طیبہ، کردار اور تعلیمات پر مفصل روشنی ڈالی گئی۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں ان عظیم ہستیوں کی حیاتِ مبارکہ کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے صبر، قربانی، وفا، عبادت اور حق گوئی جیسے اعلیٰ اوصاف کو اپنانے پر زور دیا۔
اس بابرکت مہینے میں یہ اجتماعات نہ صرف امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر مذہبی مقامات پر منعقد ہو رہے ہیں، بلکہ مومنین اپنے گھروں میں بھی محافل سجاتے ہیں، اور ان عظیم ہستیوں کے ساتھ اپنی عقیدت اور محبت کا عملی اظہار کر رہے ہیں۔
محافلِ جشن کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے اور ۱۵ شعبانُ المعظم یوم ولادت امام العصر (عج) تک ملک کے مختلف مقامات پر جاری رہے گا۔ اعیادِ شعبانیہ کے یہ اجتماعات نوجوان نسل کو سیرتِ اہلِ بیتؑ سے جوڑنے اور معاشرے میں اخلاقی و سماجی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


