حرم حضرت عباسؑ کے زیرِ اہتمام جشنِ ولادت امام محمد تقیؑ کا انعقاد
روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کی جانب سے امام محمد تقیؑ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے ایک پروقار جشن کا انعقاد کیا گیا
یہ روح پرور تقریب روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کے بابِ قبلہ کے بیرونی صحن میں منعقد ہوئی، جس میں مجلسِ ادارہ کے رکن ڈاکٹر افضل شامی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، خدامِ روضہ اور زائرینِ کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد روضۂ مبارک کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے شیخ علی موحان نے خطاب کیا۔ انہوں نے حاضرینِ مجلس اور پوری امتِ مسلمہ کو امام محمد تقیؑ کی ولادتِ باسعادت کی دلی مبارک باد پیش کی
اپنے خطاب میں شیخ علی موحان نے امام محمد تقیؑ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جن میں آپؑ کے بلند اخلاق، روحانی عظمت، اسلامی اقدار کے فروغ میں کردار اور علوم و معارفِ اسلامی کی ترویج میں گراں قدر خدمات شامل ہیں
روضۂ مبارک کی مرکزی تقریبات کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے اس موقع پر بتایا کہ بابِ قبلہ کے بیرونی صحن میں منعقدہ اس جشن میں متعدد ثقافتی و دینی سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں تہنیتی خطابات، شعری قصائد اور امام محمد تقیؑ کی بارگاہ میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیے گئے
تقریب کے اختتام پر امام محمد تقیؑ کے جشنِ ولادت کی مناسبت سے منعقدہ معلوماتی و ثقافتی مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ یہ مقابلہ روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کے جنرل سیکریٹریٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا تھا، جس میں قرعہ اندازی کے ذریعے دس خوش نصیب شرکاء کو کامیاب قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ روضۂ مبارک حضرت عباسؑ اہلِ بیتؑ سے منسوب ایام و مناسبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کا اہتمام کرتا ہے، تاکہ ان کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو معاشرے میں عام کیا جا سکے



