حرمِ امام حسینؑ کے اعلیٰ سطحی وفد کا صوبہ واسط کا دورہ
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اعلیٰ سطحی وفد نے صوبہ واسط کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد صوبے میں دینی مدارس کی صورتحال کا جائزہ لینا، مریضوں کی عیادت کرنا اور ان کی ضروریات پوری کرنا تھا
وفد کے سربراہ شیخ علی القرعاوی نے کربلاء ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ اُن مریضوں کی عیادت اور ان کے مالی حالات سے آگاہی کے لیے کیا گیا ہے جن کے علاج کی ذمہ داری عتبۂ حسینیہ مقدسہ نے سنبھال رکھی ہے۔ نیز، ان کی انسانی اور خدماتی ضروریات کی نگرانی بھی اس دورے کا حصہ ہے، کیونکہ قضاء الصويرة کو عتبۂ حسینیہ کی جانب سے خصوصی توجہ حاصل ہے
انہوں نے بتایا کہ وفد کا استقبال قائم مقام قضاء الصويرة کے علاوہ علاقے کے متعدد معززین اور باشندوں نے کیا
مزید انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران موکب الصويرة الموحد کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے یتیموں کے گھروں کے تعمیراتی مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ عتبۂ حسینیہ مقدسہ سے وابستہ دینی مدرسہ کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں طلبہ کی علمی و فکری صورتحال کا مشاہدہ کیا گیا۔
شیخ علی القرعاوی نے اس بات پر زور دیا کہ عتبۂ حسینیہ مقدسہ قضاء الصويرة کے باشندوں کو علمی، ثقافتی اور انسانی معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے
اس موقع پر انہوں نے اہلِ قضاء کے کرم، مہمان نوازی اور پُرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا


