حرم حضرت عباسؑ کے اعلیٰ سطحی وفد کا جامعۃ الکوثر کا دورہ، شیخ محسن نجفیؒ کی قبر پر فاتحہ خوانی
حرم حضرت عباسؑ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان میں منعقدہ فاطمہؑ سبیلِ نجات کانفرنس کی سرگرمیوں کے ضمن میں جامعۃ الکوثر، اسلام آباد کا دورہ کیا
روضۂ مبارک کے شعبۂ دینی امور کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی نے اس موقع پر بتایا کہ اسلام آباد میں واقع جامعۃ الکوثر کا یہ دورہ اس اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ یہ اُن اولین دینی و علمی مراکز میں سے ہے جہاں سے عتباتِ عالیات کی جانب سے متعدد دینی و ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے ممتاز عالمِ دین، مرحوم شیخ محسن نجفیؒ کی دوسری برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور اہلِ بیتؑ کی خدمت اور ان کے علوم کی اشاعت میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وفد نے مرحوم کے فرزندان سے ملاقات بھی کی اور انہیں متبرک تحائف پیش کیے۔ روضۂ مبارک کے وفد نے شیخ محسن نجفیؒ کی قبر پر ایک خصوصی علمِ مبارک بھی چڑھایا، جنہوں نے پاکستان میں اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ یہ دورہ اُن مسلسل دینی و ثقافتی اقدامات کا حصہ ہے جو روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کی جانب سے پاکستان میں انجام دیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد اہلِ بیتؑ کے علوم کی ترویج و اشاعت اور اسلامی معاشرے کے مختلف طبقات میں دینی اقدار کو مضبوط بنانا ہے


