قومی سلامتی کے مشیر کی زیرِ نگرانی چوتھی علما کانفرنس میں عتبہ حسینیہ کی شرکت
عراق کے دارالحکومت بغداد میں قومی سلامتی کے مشیر برائے انسدادِ پُرتشدد انتہاپسندی کے زیرِ اہتمام چوتھی علما و مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں عتبۂ حسینیہ سمیت ملک بھر سے مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام نے شرکت کی
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے نمائندے، شیخ علی القرعاوی نے کہا کہ عتبۂ حسینیہ قومی کمیٹی برائے انسدادِ پُرتشدد انتہاپسندی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ ملک میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور امن کو نقصان پہنچانے والی تنظیموں کا مؤثر سدِباب کیا جا سکے
انہوں نے مزید بتایا کہ مشترکہ الٰہی قوانین اور تشریعات کے مطالعے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی گئی، جس کا مقصد اقدار، اخلاقیات اور دینی احکام کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کانفرنس میں متعدد اہم اور متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا
شیخ القرعاوی نے واضح کیا کہ کانفرنس کا مقصد پُرتشدد انتہاپسندی کے خلاف قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا، تفرقہ اور فرقہ واریت کی نفی کرنا، اور دینی خطابات کو ہم آہنگ بنا کر مشترکہ انسانی اقدار کے فروغ کے ذریعے پُرامن بقائے باہمی اور سماجی وحدت کے اصولوں کو مستحکم کرنا ہے
اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عتبۂ حسینیۂ مقدسہ ایسے خیالات اور عملی اقدامات پیش کرنے میں مصروفِ عمل ہے جو سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں، داخلی امن کو مستحکم کریں، اور فکری انتہاپسندی کی ہر شکل کا مؤثر مقابلہ کریں، تاکہ عراقی معاشرے اور اس کی وحدت کے مفاد کو مزید تقویت حاصل ہو



