پاکستان: کراچی نشتر پارک میں خاتونِ جنت کانفرنس کا انعقاد
بسلسلۂ ولادتِ سیدہ فاطمہؑ سلامُ اللہِ علیہا، نشتر پارک میں عظیم الشان خاتونِ جنت کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ اہلِ بیتؑ، علماء، خطباء اور ذاکرین نے بھرپور شرکت کی
پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بسلسلۂ ولادتِ سیدہ فاطمہؑ سلامُ اللہِ علیہا، نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان خاتونِ جنت کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ اہلِ بیتؑ، علماء، خطباء اور ذاکرین نے بھرپور شرکت کی۔
یہ کانفرنس حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء علیھا السلام کی سیرتِ طیبہ، فضائلِ عالیہ اور امتِ مسلمہ میں خواتین کے مثالی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء، خطباء اور ذاکرین نے حضرت فاطمہؑ کی حیاتِ مبارکہ کو خواتین اور نوجوان نسل کے لیے ایک کامل اور عملی نمونہ قرار دیا، اور عفت، حیا، صبر، علم اور معاشرتی ذمہ داریوں کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ سیدۂ کائناتؑ کی سیرتِ مبارکہ آج کے دور میں خاندانی استحکام، تربیتِ اولاد اور معاشرتی اصلاح کے لیے جامع اور مؤثر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو درپیش موجودہ چیلنجز، بالخصوص خواتین کے فکری اور اخلاقی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور سیرتِ فاطمیؑ کی روشنی میں ان کے عملی حل پیش کیے۔


