چوتھا سالانہ کوثر العصمہ بین الاقوامی فیسٹیول ملکی و غیر ملکی شخصیات کی بھرپور شرکت
روضۂ امام حسین علیہ السلام میں حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے موقع پر 19 جمادی الثانی کو چوتھے سالانہ بین الاقوامی فیسٹیول کوثر العصمہ کا روح پرور آغاز ہوا، جس میں عراق سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے علمی، مذہبی اور فکری شخصیات نے شرکت کی
افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ اس کے بعد نجف اشرف کے ممتاز استاد، علامہ سید صادق خرسان نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی مبارک سیرت انسانیت کے ہر طبقے کے لیے کامل نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنابِ زہراء سلام اللہ علیہا نہ صرف خواتین کے لیے بلکہ مرد و خواتین، نوجوان و بزرگ تمام انسانوں کے لیے حقیقی رول ماڈل ہیں۔ آپ کی شخصیت قیادت، عبادت، صدق، ایثار، خاندان سازی، صبر، اور تعلیم و تربیت ہر میدان میں کامل اسوہ حسنہ ہے۔
علامہ خرسان نے رسولِ خدا ص کا فرمان بھی نقل کیا: مجھے جب بھی جنت کی خوشبو کی چاہت ہوتی ہے تو میں فاطمہ سلام اللہ علیہا کو بوسہ دیتا ہوں۔
فیسٹیول کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ علی کاظم سلطان نے انٹرنیشنل میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس میں ایشیا، یورپ، افریقہ اور عرب ممالک سمیت دنیا کے متعدد خطّوں سے معزز شخصیات نے شرکت کی ہے، جو اس علمی و ثقافتی اجتماع کی عالمی اہمیت کو واضح کرتی ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کے لیے خصوصی نشستیں جامعہ السبطین اور جامعہ الزہراء میں منعقد ہوں گی، جبکہ فیسٹیول کے دوران کئی متنوع پروگرام پیش کیے جائیں گے، جن میں حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی شان میں پیش کی گئی عربی و اردو شاعری،
علمی و تحقیقی سیمینارز،
فاطمی فنون پر مشتمل بین الاقوامی آرٹ ایگزیبیشن،
اور مختلف ثقافتی و مذہبی سرگرمیاں شامل ہیں
یہ عظیم فیسٹیول اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عالمی سطح پر روشناس کرانے اور حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے پیغامِ عفت، تقویٰ اور انسانیت کو دنیا بھر تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ثابت ہو رہا ہے



