حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیرِ اہتمام معہدِ قرآن کی جانب سے مؤسسہ الکوثر میں محافلِ قرآنی کا انعقاد
حرم حضرت عباس علیہ السلام کے ذیلی ادارے المجمعُ العِلمی للقرآنِ الکریم نے نجفِ اشرف میں واقع مؤسسہ الکوثر میں سلسلہ وار پر وقار محافلِ قرآنی کا آغاز کیا
یہ نورانی محفل حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے مدرسہ حضرت خدیجہ کبریٰ سلام اللہ علیہا کے ہال میں منعقد ہوئی
ان محافل کی تنظیم و نگرانی معہدُ القرآنِ الکریم، نجفِ اشرف انجام دے رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد حوزۂ علمیہ کے طلبہ میں قرآن فہمی کو گہرا، مضبوط اور مؤثر بنانا ہے
اس موقع پر وحدتِ شؤونِ حوزویہ قرآنیہ کے مسؤول، شیخ وسام السبتی نے بتایا کہ اس سلسلے کی پہلی محفل مدرسہ سیدہ خدیجہ سلام اللہ علیہا میں منعقد ہوئی، جس میں طلبۂ علومِ دینیہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی
انہوں نے مزید بتایا کہ محفل میں قرآنِ مجید کی دل نشین اور روح پرور تلاوت پیش کی گئی، جس کا شرف قاری شیخ محمد ناظم القطرانی اور قاری شیخ صابر علی ذو الفقار نے حاصل کیا۔ بعدازاں مدرسہ کے مدیر، شیخ سردار حسین نے خطاب کیا اور قرآنِ کریم کی اہمیت، اس کے سیکھنے سکھانے کی ضرورت اور اس کے معانی و مفاہیم میں تدبر کو طالبِ علم اور حوزۂ علمیہ کے لیے سرچشمۂ ہدایت اور مشعلِ نور قرار دیا۔شیخ السبتی کے مطابق محفل کا اختتام ایک مجلسِ حسینی پر ہوا، جو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔ مجلس سے شیخ شجر عباس نے خطاب کیا اور فضائل و مصائبِ سیدہ کو بیان کرتے ہوئے محفل کو اختتام تک پہنچایا



