نجفِ اشرف: محققِ میرزا النائینی کانفرنس میں بین الاقوامی شخصیات کی شرکت
نجفِ اشرف میں حرمِ امام حسینؑ، حرمِ امام علیؑ اور مرکز الحوزات العلمیہ ،شعبۂ امورِ دینیہ کے اشتراک سے المجمع العلوی کے عظیم الشان آڈیٹوریم میں بین الاقوامی محققِ میرزا نائینی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
کانفرنس میں حوزہ علمیہ نجفِ اشرف و قمِ مقدسہ کی معتبر علمی شخصیات کے علاوہ مختلف دینی و سماجی طبقات سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد نے شرکت کی
العتبتین المقدستین اور قم المقدسہ کی حوزاتِ علمیہ نے علامہ نائینیؒ کے علمی ورثے ،تالیفات اور ان کے قلمِ مبارک کی دیگر تحریرات ،کو جمع کر کے ایک نہایت وقیع علمی انسائیکلوپیڈیا مرتب کیا ہے جو اسلامی و علمی دنیا کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ نجفِ اشرف میں منعقدہ یہ کانفرنس اُن مشترکہ علمی کاوشوں کا نتیجہ ہے جو اس عظیم علمی و فقہی شخصیت کے مقام و مرتبے کو اجاگر کرنے کے لیے کی گئیں۔ کانفرنس میں مراجعِ عظام، علما، محققین، اکادمک شخصیات اور اہلِ فضل کی کثیر تعداد شریک ہوئی
کانفرنس کے صدر مشتاق صالح المظفر نے بتایا کہ محققِ نائینیؒ کا یہ علمی منصوبہ 40 جلدوں پر مشتمل ایک عظیم موسوعہ (انسائیکلوپیڈیا) ہے، جن میں سے 8 جلدوں کی تحقیق مجمع الامام الحسینؑ لتحقيق تراث أهل البيتؑ نے انجام دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اختتامی نشست بروز ہفتہ صحنِ حسینی شریف کے خاتم الأنبیاءؐ آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی
مزید بتایا گیا کہ کانفرنس میں 500 سے زائد علما و طلاب نے شرکت کی۔ اسی طرح جمعہ کے روز مجمع سید الشہداءؑ میں تحقیقی مقالات پر مشتمل ایک خصوصی نشست بھی ہوگی، جس میں 30 بین الاقوامی محققین اپنے مقالات پیش کریں گے
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد محققِ میرزا نائینیؒ کا تعارف، ان کی علمی خدمات کا احیاء، اور ان کے اساتذہ و تلامذہ کے اُس علمی سلسلے کو نمایاں کرنا ہے جس نے نجفِ اشرف کی علمی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا



