حرمِ امام حسینؑ قادسیہ میں سرطان کے امراض کے لیے خصوصی میڈیکل کمپلکس قائم کرے گا
حرمِ امام حسینؑ کی جنرل سیکریٹریٹ نے عراق کے صوبہ قادسیہ میں مکمل میڈیکل کمپلکس کے منصوبے کے لیے ڈیزائن تیار کر لیا ہے، جس پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا
اسٹریٹجک پروجیکٹس کے سربراہ انجینئر محمد ضیاء نے بتایا کہ یہ منصوبہ عراق کے بڑے اوراہم طبی منصوبوں میں سے ایک ہے، جو 88 دونم اور 13 اولک کے وسیع رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ میڈیکل کمپلکس سرطان کے مریضوں کے علاج اور جدید طبی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک نمایاں مرکز ثابت ہوگا، جس سے قادسیہ سمیت ملحقہ صوبوں کے عوام مستفید ہوں گے
انہوں نے وضاحت کی کہ میڈیکل کمپلکس میں دو بڑے ہسپتال شامل ہوں گے پہلا ہسپتال سرطان کے امراض کے خصوصی علاج کے لیے ہوگا، جبکہ دوسرا ایک جنرل ہسپتال ہوگا جس میں زچگی، سرجری، گائنی اور میڈیسن کے شعبے موجود ہوں گے
انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ ڈیزائن جدید ترین عالمی طبی معیارات کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں وارڈز کی گنجائش، شعبہ جات کی ترتیب، اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سنگل بیڈ رومز شامل ہیں، تاکہ مریضوں کی سہولت اور انفیکشن کنٹرول کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے
ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمپلکس میں تشخیص اور علاج کے جدید ترین شعبے شامل ہوں گے، جن میں جدید ایکسرے مشینیں، جدید لیبارٹریز، اور سرطان کے علاج کے لیے اعلیٰ درجے کے آلات اور جدید ٹیکنالوجیز فراہم کی جائیں گی
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے میں متعدد معاون اور خدماتی عمارتیں بھی شامل ہوں گی، جن میں ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کے لیے رہائشی کمپلیکس، الیکٹرو مکینیکل سروسز کی عمارت، نماز کے لیے مصلیٰ، عمومی سہولیات، وسیع سبزہ زار، اور زائرین و عملے کے لیے بڑے پارکنگ ایریاز شامل ہوں گے
آخر میں انہوں نے کہا کہ عتبہ حسینیہ اس منصوبے کے ذریعے ایک مکمل طبی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو صوبہ دیوانیہ اور اس کے نواحی علاقوں میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ عتبہ حسینیہ کے اس ویژن کی تکمیل ہے، جس کا مقصد عراقی ہیلتھ سیکٹر کو اعلیٰ انسانی اور خدماتی نوعیت کے منصوبوں سے مضبوط کرنا ہے
دوسری جانب عتبہ حسینیہ کے ہسپتالوں کے نگران اور سربراہِ صحت ڈاکٹر حیدر العابدی نے کہا کہ یہ ہسپتال متولیِ شرعی، شیخ عبدالمہدی کربلائی کے اس ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت پورے عراق میں سرطان کے مریضوں کے علاج کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت بغداد، بصرہ، دیوانیہ، کرکوک اور کربلا ان پانچ صوبوں میں پانچ بڑے سرطان ہسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ ان مرکزی ہسپتالوں کے ساتھ قریبی شہروں میں ذیلی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ عراق میں ہر سال تقریباً 40 ہزار نئے مریض سرطان کا شکار ہوتے ہیں جبکہ ملک میں اس وقت پانچ لاکھ سے زائد مریض مختلف مراحل میں سرطان کا علاج حاصل کر رہے ہیں



