اسلام آباد: حرم امام حسین علیہ السلام کے وفد کا وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول کا دورہ

2025-10-26 09:10

حرم امام حسین علیہ السلام کے ایک وفد نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول کا دورہ کیا، جو حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام اور پاکستان میں وکیلِ مرجعِ دینیِ اعلیٰ کے تعاون سے قائم ایک تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے

یہ ادارہ حفظِ قرآنِ کریم کے ساتھ ساتھ معیاری دینی و عصری تعلیم فراہم کرنے والا پاکستان کے نمایاں تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، اور ساتویں جماعت سے میٹرک تک کے درجات میں تعلیم دی جاتی ہے

اس اسکول میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے اہل و قابل طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے، اور یہ ایک مکمل اقامتی (رہائشی) ادارہ ہے، جہاں طلبہ کے لیے قیام و طعام کی تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں

وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول کو روضۂ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ امورِ دینیہ نے متولیِ شرعی کے حکم سے قائم کیا، تاکہ نورِ قرآن دنیا کے گوشے گوشے تک پھیلایا جا سکے اور نئی نسل کے سینوں میں قرآنِ کریم کو محفوظ کیا جا سکے

وفد میں مرکز بِینہ برائے فکری تحفظ کے ڈائریکٹر شیخ علی القرعاوی اور بین الاقوامی میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر جناب حیدر المنکوشی شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور قرآنی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا

اس موقع پر جناب حیدر المنکوشی نے کہا کہ یہ دورہ اُن سلسلہ وار سرگرمیوں کا حصہ ہے جن کا مقصد حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام دنیا بھر میں جاری تعلیمی و ثقافتی منصوبوں سے روابط کو مضبوط بنانا ہے

انہوں نے وارثُ الأنبیاء اسکول کی جانب سے نوجوان نسل کی قرآنی و فکری تربیت اور قرآنی فکر کے حامل طلبہ کی تیاری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا

انہوں نے مزید کہا کہ روضۂ امام حسین علیہ السلام پاکستان سمیت مختلف ممالک میں قرآنی و تعلیمی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، کیونکہ یہ وہ بنیادی ذرائع ہیں جن کے ذریعے انسان سازی اور امام حسین علیہ السلام کے پیغام میں مضمر الٰہی و انسانی اقدار کا فروغ ممکن ہوتا ہے

منسلکات

مطلوبہ الفاظ : وارث سکول

العودة إلى الأعلى