حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام اسلام آباد میں مرکزِ امام حسین علیہ السلام الثقافی کا افتتاح
حرم کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جامعہ الکوثر اسلامیہ میں قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور عراق کے درمیان علمی، فکری، دینی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے
یہ مرکز دراصل پاکستانی عوام اور حرمِ امام حسین علیہ السلام کے درمیان ایک نئے فکری و روحانی دور کا آغاز ہے
افتتاحی تقریب جامعہ الکوثر اسلام آباد کے المصطفی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں علما، دانشوروں، ماہرینِ تعلیم اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی
تقریب میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی جس کی قیادت حجۃ الاسلام شیخ علی قرعاوی (نمائندہ جنرل سیکرٹریٹِ حرمِ امام حسینؑ) نے کی، جبکہ وفد میں استاد عباس خفاجی (میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ)، استاد حیدر محمد منکوشی (انچارج بین الاقوامی میڈیا ڈیپارٹمنٹ) اور شعبۂ اردو کے سربراہ شیخ اشرف ذیشان بھی شامل تھے
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد وکیلِ مرجعیتِ اعلیٰ علامہ شیخ انور علی نجفی دامت برکاتُہ نے خطاب فرمایا۔ انہوں نے پاکستان میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے دفتر کے قیام پر متولی شرعی حرم امام حسین علیہ السلام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن حرمِ امام حسین علیہ السلام اور ملتِ پاکستان کے مابین علمی و ثقافتی رشتوں کے استحکام کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز فقط ایک انتظامی ادارہ نہیں بلکہ ایک فکری و روحانی مرکز ہے جو پاکستان میں حسینی فکر، علم، ثقافت اور بصیرت کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا
اس موقع پر حرمِ امام حسین علیہ السلام کے نمائندہ خصوصی حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی قرعاوی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا پیغام کسی ایک سرزمین تک محدود نہیں۔ یہ انسانیت، قربانی، علم اور آزادی کا ایسا نور ہے جو پوری دنیا کو منور کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اس پیغام کو علم، ثقافت اور خدمتِ انسانیت کے ذریعے عام کیا جائے، تاکہ نوجوان نسل امام حسینؑ کے افکار سے روشنی حاصل کرے
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ استاد عباس خفاجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم جامعہ الکوثر کے تعاون سے اسلام آباد میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ اعلام و ثقافت کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر رہے ہیں۔ یہ اقدام پاکستان میں علمی، ثقافتی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، جس کے ذریعے فکری بیداری اور حسینی ثقافت کے فروغ کا پیغام عام ہوگا
تقریب میں خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ شمع جعفری نے کہا کہ خواتین کو حسینی ثقافت کے فروغ اور خدمتِ دین کے میدان میں اپنے کردار کو مزید مؤثر بنانا چاہیے، کیونکہ اصلاحِ معاشرہ میں خواتین کی شمولیت ہی حقیقی ترقی کا زینہ ہے
پروگرام کے دوران معروف شاعرِ اہلِ بیت جناب شکیل جازب نے اپنے پُر اثر اشعار کے ذریعے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔
اس موقع پر حرمِ امام حسین علیہ السلام کے مختلف منصوبوں اور زیارتِ اربعین پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں، جنہیں حاضرین نے عقیدت اور دلچسپی کے ساتھ دیکھا
تقریب کے اختتام پر جامعہ الکوثر کے احاطے میں قائم مرکزِ امام حسین علیہ السلام الثقافی کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ فیتہ کاٹنے کی سعادت حجۃ الاسلام شیخ علی قرعاوی، علامہ شیخ انور علی نجفی اور حجۃ الاسلام شیخ راجہ ناصر نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ اس موقع پر حرمِ امام حسین علیہ السلام سے لائے گئے علمِ مبارک پر خطاطی اور رنگ بھرائی کی روحانی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں مومنین نے عقیدت و محبت کے ساتھ بھرپور شرکت کی



