بغداد: حرمِ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کی تکمیل آخری مراحل میں

2025-10-21 06:34

روضۂ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ انجینئرنگ نے اعلان کیا ہے کہ بغداد میں تعمیر ہونے والا ہیلتھ انسٹیٹیوٹ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ 2700 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے

جسے آئندہ نومبر میں محکمۂ صحت کے حوالے کر دیا جائے گا تاکہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلباء کا داخلہ ممکن بنایا جا سکے

پراجیکٹ کے نگران انجینئر حسین باسم النجار کے مطابق، انسٹیٹیوٹ کے 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور بقیہ کام تیزی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے بعد یہ ادارہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مکمل طور پر فعال ہو جائے گا

انجینئر النجار نے بتایا کہ یہ منصوبہ جدید فنی اور معمارانہ معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ عمارت کی گراؤنڈ فلور میں 8 وسیع و عریض کلاس رومز تعمیر کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک کا رقبہ 100 مربع میٹر ہے، اور مجموعی طور پر 400 طلباء کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ، اسی منزل پر اساتذہ کے لیے 4 انتظامی دفاتر اور ایک امتحانی و میٹنگ روم بھی شامل ہے

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ عمارت میں جدید لیبارٹریز بھی قائم کی گئی ہیں، جو تمام جدید آلات اور سہولیات سے آراستہ ہیں تاکہ مختلف طبی شعبوں کی عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔

دوسری منزل کو انتظامی دفاتر کے لیے مختص کیا گیا ہے، جن میں پرنسپل آفس، اکاؤنٹس آفس اور دیگر انتظامی و تعلیمی شعبے شامل ہیں

انجینئر النجار کے مطابق، منصوبے میں متعدد جدید تکنیکی اور سمارٹ نظام نصب کیے گئے ہیں، جن میں فائر الارم سسٹم، فائر فائٹنگ سسٹم (Hose Reel System)، نگرانی کے کیمرے اور VRF ٹیکنالوجی پر مبنی مرکزی کولنگ سسٹم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، عمارت کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں خوبصورت باغات بھی بنائے گئے ہیں تاکہ طلباء کے لیے ایک پُرسکون اور موزوں تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے جو جدید تعلیمی عمارتوں کے معیار سے ہم آہنگ ہو

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ منصوبے کو سول ڈیفنس کی باضابطہ منظوری حاصل ہو چکی ہے، کیونکہ اس نے تمام حفاظتی اور سلامتی کے تقاضے پورے کر لیے ہیں، جس سے اس کی فنی، سیکیورٹی اور صحت کے اعتبار سے مکمل تیاری ظاہر ہوتی ہے

آخر میں انجینئر النجار نے کہا کہ یہ منصوبہ روضۂ امام حسین علیہ السلام کی اُس جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد عراق میں تعلیمی اور طبی شعبوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے، تاکہ ایسے اہل، ماہر اور تربیت یافتہ طبی عملے کی تیاری ممکن ہو جو موجودہ اور آئندہ دور کی ضروریات کے مطابق خدمات انجام دے سکے

منسلکات

مطلوبہ الفاظ : انسٹیٹیوٹ

العودة إلى الأعلى