حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام لکھاریوں کے لیے تربیتی ورکشاپ
کربلا: حرم حضرت عباس علیہ السلام کے ذیلی ادارہ، شعبہ فکری و ثقافتی سے وابستہ مدوّنة الکفیل کے تحت لکھاریوں اور لکھاری خواتین کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ حرم میں واقع امام حسن علیہ السلام ہال میں منعقد ہوئی
مدوّنة الکفیل میں خواتین امور کی مسؤلہ حنان الزیرجاوی نے بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد مرد و زن لکھاریوں کی تربیت کرنا ہے تاکہ وہ جدید اسالیبِ تحریر سے واقف ہوں، اپنی تحریری صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور معاشرتی مسائل کو پیش کرنے اور ان کے حل تجویز کرنے میں نئے اور مؤثر طریقے اختیار کریں
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں مدوّنة الکفیل نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس پلیٹ فارم نے ملک کے ممتاز اہلِ قلم کو حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے پرچم تلے یکجا کیا ہے تاہم یہ صرف تجربہ کار لکھاریوں تک محدود نہیں رہا بلکہ نوجوان اور نوخیز اہلِ قلم کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا بھی ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے
زیرجاوی کے مطابق، نوخیز لکھاریوں کو اپنے خیالات اور مسائل کے اظہار کا موقع دیا گیا ہے، جو کربلا کے پیغام اور "نہجِ طف" سے ماخوذ ہیں۔ مدوّنة الکفیل اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ایک باشعور اور باخبر نسل کی تیاری نہایت ضروری ہے تاکہ وہ انحرافی رجحانات اور دین و مکتب پر ہونے والے فکری حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے



