کربلا: بچوں کے بین الاقوامی کتاب میلے میں عالمی پبلشرز کی شرکت

2025-09-25 08:28

حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ نگہداشت و نشوونما برائے اطفال نے کربلا میں بچوں کے لیے بین الاقوامی کتاب میلے کا افتتاح کیا، جو 2 اکتوبر 2025 تک "بین الحرمین" کے مقام پر جاری رہے گا

شعبہ کے سربراہ جناب منتظر نصراؤی نے "کربلا ٹوڈے" نیوز ایجنسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سالانہ علمی و مطالعاتی سرگرمی اپنی ہمہ گیر خصوصیات کی وجہ سے نمایاں ہے، جس میں مقامی اور عرب ممالک کے اشاعتی اداروں کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے انٹرایکٹو اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں فکری کھیل، ڈرائنگ اور رنگ بھرنے جیسی دلچسپ سرگرمیاں شامل ہیں تاکہ بچوں کو بیک وقت ایک تفریحی اور تعلیمی تجربہ فراہم کیا جا سکے

انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں دس مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 47 سے زائد اشاعتی ادارے شریک ہیں، جن میں عراق، مصر، شام، اردن، لبنان، مراکش، کویت، بحرین، سعودی عرب اور ایران شامل ہیں

مزید برآں، میلہ متنوع اور بھرپور پروگراموں پر مشتمل ہے، جن میں "قلم" عربی پہلا فورم برائے ادبِ اطفال بھی شامل ہے۔ اس فورم میں عراق اور عرب دنیا کے مصنفین و مصورین بچوں کے ادب میں تازہ ترین رجحانات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ فنّی و تعلیمی ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی، جن کا مقصد بچوں کی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔ ساتھ ہی بچوں کی تعلیم و تربیت اور ذہنی نشوونما سے متعلق مکالماتی نشستیں، روزانہ انعامی مقابلے اور "قصہ گوئی کا سیشن" بھی شامل ہوگا، جہاں دلچسپ اور انٹرایکٹو انداز میں کہانیاں سنائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرائنگ اور رنگ بھرنے کے لیے ایک فنّی گوشہ بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ بچے آزادی کے ساتھ اپنے خیالات کو رنگوں کے ذریعے ظاہر کر سکیں

انہوں نے مزید کہا کہ میلے کی سرگرمیاں بچوں کے ادب کے اُس کردار کو اجاگر کرتی ہیں جو ان کے جذباتی شعور اور نفسیاتی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے۔ اسی ضمن میں ماہرین کی جانب سے لیکچرز اور عملی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔ ماہرِ تعلیم یسار الاسعد بھی بچوں کی جذباتی اور نفسیاتی صلاحیتوں کی نشوونما میں ادبِ اطفال کی افادیت پر خصوصی لیکچر دیں گی

منسلکات

مطلوبہ الفاظ : بک فیئر بچوں

العودة إلى الأعلى