حرم امام حسین علیہ السلام میں تیسرے قومی قرآنی سیمینار کا انعقاد

2025-09-21 07:25

حرم حضرت امام حسین علیہ السلام کے قاعة خاتم الأنبياء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تیسرے قومی قرآنی علمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں عراق کی مختلف جامعات اور کالجوں کے اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی

اس موقع پر متولی شرعی حرم امام حسین علیہ السلام جناب شیخ عبد المہدی کربلائی (دام عزہ)، سیکرٹری جنرل، شعبہ شؤون دینیہ کے سربراہ سمیت دیگر مذہبی و علمی شخصیات بھی موجود تھیں، جبکہ ملک بھر سے آئے پروفیسرز اور محققین نے بھی سیمینار میں حصہ لیا

دارالقرآن الکریم، جو حرم امام حسین علیہ السلام کا ذیلی ادارہ ہے، کے سربراہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سیمینار کا مقصد جامعات میں قرآنی علوم اور تحقیقی مطالعات کو فروغ دینا، ایمانی اقدار کو راسخ کرنا اور ایک ایسا علمی ماحول فراہم کرنا ہے جس میں جدید سائنسی علوم اور قرآنی معارف کا امتزاج ہو

انہوں نے مزید کہا کہ سیمینار کا ایک اہم ہدف یہ بھی ہے کہ عراقی جامعات اور قرآنی مراکز کے مابین تعاون کے نئے دروازے کھولے جائیں، تاکہ نصابِ تعلیم اور طلبہ کی سرگرمیوں میں قرآنی مضامین کو مزید مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے

سیمینار میں تحقیقی اور مکالماتی نشستیں بھی منعقد ہوئیں، جن میں قرآنی علوم، تفسیر، لسانیات اور سماجی علوم کے ماہرین نے شرکت کی۔ ان نشستوں کے دوران متعدد نظریات اور خیالات پیش کیے گئے، جن کا مقصد جامعات میں قرآنی ماحول کو فروغ دینا اور قرآنی تحقیقات کو علمی منصوبوں کا حصہ بنانے کے طریقۂ کار پر غور و خوض تھا

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ سیمینار اُن سلسلہ وار قرآنی تقریبات کا حصہ ہے جنہیں حرم امام حسین علیہ السلام تسلسل کے ساتھ منعقد کرتا آ رہا ہے، تاکہ قرآنی معارف کے فروغ اور تعلیمی و علمی ماحول میں اسلامی تشخص کو مضبوط کیا جا سکے

منسلکات

مطلوبہ الفاظ : سیمینار

العودة إلى الأعلى