حرم کے شعبۂ ترقی و تربیتِ نوجوانان کے زیرِ انتظام 1400 سے زائد رضاکار اربعین کے دوران خدمات انجام دیں گے

2025-08-09 07:36

حرم امام حسین علیہ السلام کے متولیِ شرعی کی براہِ راست ہدایت پر، شعبۂ ترقی و سماجی تربیت برائے نوجوانان نے زیارتِ اربعین کے ایّام میں زائرینِ امام حسین علیہ السلام کی خدمت کے لیے اپنی فیلڈ سرگرمیاں جاری رکھ رکھی ہیں

شعبے کے سربراہ جناب علی زکی کامل التمیمی نے اعلان کیا کہ شعبے کی مختلف شُعبوں کے عملے، عراق کے مختلف صوبوں میں شعبے کے تربیتی پروگراموں سے مستفید ہونے والے نوجوانوں، اور ایران کے شہر اہواز سے تعلق رکھنے والے متعدد رضاکاروں پر مشتمل ایک مربوط فیلڈ ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں 1400 سے زائد رضاکار شامل ہیں۔ یہ ٹیم مختلف خدماتی محاذوں پر تقسیم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری ٹیم 10 صفر سے اپنے کام کا آغاز کر چکی ہے، اور حرم کے تمام شعبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک منظم منصوبے کے تحت خدمات انجام دے رہی ہے، جس کے چار اہم محاذ درج ذیل ہیں

1 ثقافتی و فنّی محاذ

یہ محاذ زائرین کے علمی و فکری شعور کو بلند کرنے کے لیے آگاہی پر مبنی پروگراموں، مکالماتی لیکچرز، ثقافتی مقابلوں اور اربعین فن و ثقافت کے تحت تھیٹر پرفارمنس جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔

اس میں مختلف علمی و ثقافتی مواد کی تقسیم پر مامور ماہر ٹیمیں شامل ہیں، اور مقابلوں میں کامیاب افراد کو انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔

2. ترقیاتی محاذ

یہ محاذ نوجوانوں کے لیے مختصر تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرتا ہے، جن کے موضوعات میں رضاکارانہ خدمات، سماجی اقدار، اور ذاتی ارتقاء شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والی ٹیمیں، نیز فارسی اور انگریزی بولنے والے مترجمین بھی صحنِ حسینی کے مختلف دروازوں پر زائرین کی راہنمائی کے لیے تعینات ہیں

3. خدماتی محاذ

یہ محاذ بزرگ اور معذور زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص گاڑیوں کی مدد سے نقل و حرکت کی خدمت انجام دیتا ہے۔

150 سے زائد رضاکار ان گاڑیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ زائرین کو صحنِ مقدس کے اندر اور باہر آرام سے منتقل کیا جا سکے۔

اسی طرح، صحن اور پرانے شہر کے مرکز میں صفائی مہمات بھی جاری ہیں، جبکہ "راهنما پروگرام" کے ذریعے زائرین کو اہم مقامات اور خدمات کی طرف راہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

4. ہجوم منظم کرنے کا محاذ

یہ محاذ زائرین کی آمد و رفت کو باقاعدہ اور رواں رکھنے کے لیے میدانِ عمل میں متحرک ہے، بالخصوص خواتین اور معمر زائرین کے لیے مختص مقامات پر۔

یہ ٹیمیں بالخصوص مدینۃ الإمام الحسن المجتبیٰ علیہ السلام میں سرگرم عمل ہیں، جو زیارت و خدمات کے بڑے مراکز میں شمار ہوتا ہے

منسلکات

مطلوبہ الفاظ : رضاکارانہ خدمات

العودة إلى الأعلى