کربلاء: معدے اور جگر کی پیوندکاری کے ہسپتال کا عنقریب افتتاح
حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ انجینئرنگ نے اعلان کیا ہے کہ کربلاء میں "السبط ہسپتال" کا افتتاح رواں سال کے آخر میں کیا جائے گا۔ یہ ہسپتال اپنی نوعیت کا پہلا تخصصی مرکز ہوگا، جہاں معدے کی بیماریوں اور جگر کی پیوندکاری کی جائے گی
شعبے کے سربراہ انجینئر حسین رضا مہدی نے حرم کی آفیشل ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرجعیتِ اعلیٰ کے نمائندے، شیخ عبد المہدی کربلائی حفظہ اللہ کی براہِ راست ہدایت پر کربلاء میں اس اہم منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے
انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ پر جدید ترین طبی معیار اور خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے، تاکہ مریضوں کی نفسیاتی کیفیت کو بہتر بنایا جا سکے
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ہسپتال کا رقبہ 12,000 مربع میٹر ہے اور اس میں 100 بستروں کی گنجائش ہوگی۔ یہ کربلاء کا پہلا ہسپتال ہوگا، جہاں جگر کی پیوندکاری جیسی پیچیدہ سرجریاں انجام دی جائیں گی
مزید برآں، توقع ہے کہ یہ ہسپتال رواں سال کے اختتام تک مریضوں کے لیے کھول دیا جائے گا اور یہ تمام عراقی شہریوں اور زائرین کو بلا امتیاز طبی خدمات فراہم کرے گا۔
اس ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، انتہائی نگہداشت (ICU)، اینڈوسکوپی، سونار، ایم آر آئی سمیت دیگر اہم شعبے شامل ہوں گے۔