20 ممالک کی ایران پر صہیونی حملوں کی مذمت

2025-06-17 08:39

پیر کے روز 20 عرب اور اسلامی ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیے میں ایران پر حالیہ صہیونی ریاست کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی

بیان میں بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کی خلاف ورزی پر مبنی کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے ممالک کی خودمختاری، زمینی سالمیت، حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں اور پُرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا

ان ممالک نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے جارحانہ اقدامات کا تسلسل خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے

وزرائے خارجہ نے اپنے بیان میں اس خطرناک کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے مہلک نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف صہیونی ریاست کی جارحانہ کارروائیوں کے فوری خاتمے پر زور دیا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے

بیان میں فوری طور پر دشمنانہ کارروائیاں بند کرنے، کشیدگی کم کرنے، اور جامع امن کی طرف پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا

مشرقِ وسطیٰ کو ایٹمی اور دیگر تباہ کن ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں پر بلاامتیاز عمل کیا جائے، نیز تمام علاقائی ممالک کو جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) میں جلد از جلد شمولیت اختیار کرنی چاہیے

بیان میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں کام کرنے والی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے اجتناب پر زور دیا گیا، کیونکہ ایسا اقدام بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق کے قوانین اور 1949 کے جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے

علاوہ ازیں، ایرانی جوہری پروگرام پر پائیدار معاہدے کے لیے جلد از جلد مذاکرات کی بحالی کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا، کیونکہ یہی واحد راستہ ہے جو اس مسئلے کا دیرپا اور پُرامن حل فراہم کر سکتا ہے

بیان میں بین الاقوامی آبی گذرگاہوں میں بحری جہازرانی کی آزادی اور بین الاقوامی قانون کے تحت سمندری سلامتی کے تحفظ پر زور دیا گیا، نیز ان راستوں کے امن کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے باز رہنے کی تاکید کی گئی

بیان کے اختتام پر واضح کیا گیا کہ خطے کے مسائل کا حل صرف سفارت کاری، مذاکرات اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور موجودہ بحران کو عسکری ذرائع سے حل نہیں کیا جا سکتا

العودة إلى الأعلى