پاکستان اور ایران کا زائرین کے لیے بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد : پاکستان اور ایران نے اربعین اور محرم الحرام کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے پاک ایران بارڈر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے
یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا
ملاقات میں دونوں ممالک نے زائرین کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ایک ہاٹ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ اربعین سے قبل مشہد میں پاکستانی زائرین کے انتظامات سے متعلق پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کے درمیان ایک سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
زائرین کی سکیورٹی اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، جس کے لیے جلد عملی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بحری راستے سے زائرین کو ایران اور عراق بھیجنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ایران 5 ہزار پاکستانی زائرین کو مشہد میں قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرے گا، جبکہ بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
ملاقات میں دونوں ملکوں نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، اور بارڈر سکیورٹی کے لیے باہمی کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا
وزیر داخلہ نے زائرین کی خدمت پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہاٹ لائن کے قیام سے مسائل فوری حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں ایران کی جانب سے نائب وزرا، گورنر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے افسران بھی شریک تھے